دبئی میٹرو سروس کو 50 نئی ٹرینوں کے منصوبے کے تحت پہلی ٹرین فراہم

اتوار 11 نومبر 2018 16:30

دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2018ء) دبئی میٹرو سروس کو 50 نئی ٹرینوں کے منصوبے کے تحت پہلی ٹرین فراہم کردی گئی،باقی 49 ٹرینیں اکتوبر 2019 ء کے آخر تک فراہم کردی جائیں گی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے ) کے ڈائریکٹر جنرل و چیئرمین مطار الطیار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت نے اکتوبر 2019 ء کے اختتام تک 50 نئی میٹروٹرینوں کی خریداری کا منصوبہ بنا رکھا ہے جس کا مقصد عوام اور سیاحوں کو ٹرانسپورٹ کی تیز اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پہلی ٹرین گزشتہ روز رشیدیہ کے مقام پر میٹرو ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کردی گئی ہے باقی 49 ٹرینیں اکتوبر 2019 ء کے آخر تک رفتہ رفتہ فراہم کردی جائیں گی۔انھوں نے کہا کہ 50 میں سے 15 ٹرینیں 2020 ء میں ہونے والی بین الاقوامی نمائش کے موقع پر ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہمی کے لیے جبکہ 35 ٹرینیں دبئی میٹرو کی سروس کو مزید بہتر کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔