کولمبیا کا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان

جمعرات 2 مئی 2024 15:08

کولمبیا کا اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان
بگوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) جنوبی امریکی ملک کولمبیا نے اسرائیل سےسفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے اسے غزہ میں مقیم پوری قوم کا خاتمہ اور اسرائیلی قیادت کو نسل کش قیادت قرار دیا ہے۔انہوں نے مارچ میں سلامتی کونسل میں پیش کی گئی قرار جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا ،کی ناکامی کی صورت میں اسرائیل کے ساتھ اپنے ملک کے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب دو مئی سےاس اعلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجہ میں فلسطنیوں کے بچے مارے گئے اور ان کے جسم بموں سے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت اسرائیل پوری دنیا کی آنکھوں کے سامنے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے اور وقت کا پہیہ پیچھے گھما کر اس عمل کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی موت انسانیت کی موت ہو گی۔اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کولمبیا کے صدر کو نفرت سے بھرا ہو ااور یہود مخالف شخص قرار دیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل برازیل، چلی، بولیویا، ہنڈوراس، بیلیز، چاڈ، اردن، بحرین، ترکی اور جنوبی افریقہ غزہ میں جارحیت کے ارتکاب کے خلاف احتجاجاً اسرائیل سے اپنے سفیروں کو واپس چکے ہیں جبکہ ان میں سےبعض ممالک اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات مکمل طور پر منقطع کر چکے ہیں۔