فلاحی تنظیم بہبود ایسوسی ایشن کا 2 روزہ مینا بازار اختتام پذیر ہو گیا،100 سے زائد سٹال لگائے گئے،نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں اور ثقافتی ماحول کا بھی اہتمام کیا گیا

اتوار 11 نومبر 2018 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2018ء) فلاحی تنظیم بہبود ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایف نائن پارک میں منعقدہ2 روزہ مینا بازار ااپنے ثقافتی رنگ بکھیرتے ہوئے اختتام پذیر ہو گیا۔ 2روزہ ثقافتی میلہ کی اس تقریب میں دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات، آلات، غذائی اشیاء اور دیگر فن پاروں کی نمائش کی گئی جبکہ متعدد ثقافتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔

بہبود ایسوسی ایشن کی طرف سے 2 روزہ ثقافتی تقریب کا انعقاد دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور بہبود کے فلاحی منصوبوں کیلئے فنڈ ریزنگ کا ایک ذریعہ ہے۔ بہبود ایسوسی ایشن خواتین کی بااختیاری کے علاوہ بچوں کی تعلیم، صحت عامہ جیسے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کی جا سکے۔

(جاری ہے)

بہبود ایسوسی ایشن بنیادی صحت، پیشہ وارانہ فنی تربیت اور آمدن میں اضافہ کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

2روزہ مینا بازار کے دوران مختلف ثقافتی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے سامان اور سرگرمیوں کے علاوہ مختلف ثقافتی تقریبات اور دستکاروں کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کا موقع فراہم کیا گیا ۔ بہبود ایسوسی ایشن صحت اور تعلیم کے منصوبوں پر 1967ء سے کام کر رہی ہے جو فنی تربیت کی فراہمی کیلئے انڈسٹریل ہوم کے علاوہ گھروں میں تربیت کا بھی اہتمام کرتی ہے اور گھریلو خواتین کی تیار کردہ دستکاری کی مصنوعات اور منفرد کڑھائی کا کام اکٹھا کرکے انہیں فروخت کرنے کا بھی کام کرتی ہے تاکہ پسماندہ دیہی خواتین کے ذریعہ معاش میں اضافہ کیا جا سکے۔

مینا بازار میں 100 سے زائد سٹال لگائے گئے اور نوجوانوں کیلئے صحت مند سرگرمیوں اور ثقافتی ماحول کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :