خطے کی ترقی وخوشحالی اورامن وامان عدل وانصاف سے مشروط ہے، وزیر شکیل احمد

پیر 12 نومبر 2018 14:37

خطے کی ترقی وخوشحالی اورامن وامان عدل وانصاف سے مشروط ہے، وزیر شکیل ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) چیف جسٹس چیف کورٹ وزیر شکیل احمد نے ہنزہ نگر جوڈیشل کمپلیکس کے دورے کے موقع پر ہنزہ میں وکلاء ،ججز اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کی عدالتیں آزاد اور خودمختار ہیں جن کے فیصلوں کو ملک بھر کی عدالت میں سراہتے ہوئے مثال کے طورپر پیش کیا جاتا ہے ،ہنزہ نگر اقتصادی راہداری اور سیاحتی نقطہ نظر سے اہمیت کا حامل ہے، یہاں کے لوگ تعلیم یافتہ اور مہذیب تہذیب کے مالک ہیں خطے کے پرامن ماحول ،ترقی وخوشحالی اور جرائم کے خاتمے میں حائل جرائم کے مرتکب مجرم کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

ایسے مجرموں کے مقدمات میں عدالتیں قانون کے مطابق پوری پوری سزاء کا تعین کریں کیونکہ عدالتیں نہ صرف انسانی حقوق کا تحفظ کرتی ہیں بلکہ ان حقوق کو برقرار اور بحال رکھنے اور ان کے عظمت و تقدس کی پائیداری کی ضامن بھی ہیں۔

(جاری ہے)

خطے کی ترقی وخوشحالی اورامن وامان عدل وانصاف سے مشروط ہے جو عدلیہ کی اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سول جج نگر شیر عالم سول جج ہنزہ شیر باز اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہنزہ خورشید عالم نے زیر سمات مقدمات پر بریفنگ دیدی۔ چیف جسٹس نے تمام ججز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید زیر سماعت مقدمات کو میرٹ کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہا نظام عدل میں شفافیت اور عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے گلگت بلتستان کی ماتحت عدالتوں میں نئے سال سے آن لائن نظام متعارف کررہے ہیں تاکہ روزانہ کی بنیاد پر نمٹائے اور دائر ہونے والے مقدمات کی رپورٹ سمیت زیر سماعت مقدمات کی نگرانی آسانی سے کی جاسکے۔