وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام 2 روزہ قومی سیرت کانفرنس 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی

پیر نومبر 15:32

وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام 2 روزہ قومی سیرت کانفرنس 20 اور 21 نومبر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 نومبر2018ء) وزارت مذہبی امور نے قومی سیرت کانفرنس کے انعقاد کے لئے تیاریوںکا آغاز کردیا ہے، 2 روزہ قومی سیرت کانفرنس 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔ کانفرنس میں سعودی عرب، ایران، ترکی سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے جیّد علمائے کرام شرکت کریں گے۔ رواں سال سیرت کانفرنس کا موضوع ’’رحمت اللعالمین بسلسلہ جشن عید میلاد النبی‘‘ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ مذہبی جوش وخروش سے منانے کے لئے تیاریوں کاآغاز کردیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں رحمت اللعالمین کانفرنسوں کا انعقاد ہوگا جس میں عقیدہ ختم نبوتؐ اور آپ ؐ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤںپر جید علمائے کرام اظہار خیال کریں گے۔

اس کے علاوہ مختلف شہروں میں نعت خوانی،قرأت اور سیرت طیبہ پر لکھے گئے مضامین، کتب اور مقالات کے مقابلے ہوں گے۔ قومی سیرت کانفرنس کے موقع پر کتب سیرت، مقالات سیرت اور آپؐ کی حیات طیبہ پر مختلف قومی اور علاقائی زبانوں میں لکھے گئے مضامین میںاول، دوم اور سوم آنے والوںکی حوصلہ افزائی کے لئے خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔