چیئرمین نیب نے نیب کے تمام ڈائریکٹرز جنرل ، ڈائریکٹرز ودیگر افسران پر میڈیا کو انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی

میڈیاکو کسی ریفرنس یا مقدمہ کے بارے میں معلومات درکار ہونگی تو نیب کے ترجمان قومی احتساب بیورو کا موقف دینے کے مجاز ہونگے،اعلامیہ

پیر 12 نومبر 2018 23:31

چیئرمین نیب نے نیب کے تمام ڈائریکٹرز جنرل ، ڈائریکٹرز ودیگر افسران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈائریکٹرز جنرل ، ڈائریکٹرز اوردیگر افسران پر میڈیا (پرنٹ و الیکٹرانک )کو انٹرویو دینے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اور اگر میڈیاکو کسی ریفرنس یا مقدمہ کے بارے میں معلومات درکار ہونگی تو نیب کے ترجمان قومی احتساب بیورو کا موقف دینے کے مجاز ہونگے۔

پیر کو جاری ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ تمام معزز اراکین اسمبلی کا احترام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا کو دیئے گئے انٹرویوز کا ریکارڈ پیمرا سے طلب کرلیا ہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔ میڈیا جاری تحقیقات / انوسٹی گیشنز کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کوپیر کو نیب لاہور میگا کرپشن کے مقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جوکہ (آج) بھی جاری رہے گی۔

نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کو نہ صرف اپنی اولین ترجیح قرار دیتاہے بلکہ اس کیلئے بلا امتیاز قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کیخلاف نیب سنجیدہ کاوشیں کررہا ہے تاکہ ان سے قوم کی لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔