Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین الغنیم کی ملاقات

وزیراعظم کا دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار، تعلقات کو باہمی مفاد میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

پیر 12 نومبر 2018 23:38

وزیراعظم عمران خان سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) وزیراعظم عمران خان سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین الغنیم نے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو قطر کے امیر اور وزیراعظم کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا اور انہیں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان تعلقات کو باہمی مفاد میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

حماد پورٹ کے افتتاح اور اسے کراچی کی بندرگاہ کے ساتھ فیری سروس کے ذریعے منسلک کرنے کے بعد قطر کو پاکستان کی برآمدات میں 73 فیصد اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والے سالوں میں دوطرفہ تجارت مزید بڑھے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے مسلمان ملکوں کے مابین ہم آہنگی، دوستی اور اچھے تعلقات اور مشترکہ مسائل سے نمٹنے کیلئے یکجہتی کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے قطر کی جانب سے ایک لاکھ پاکستانی ورکرز کی خدمات حاصل کرنے کے فیصلہ پر شکریہ ادا کیا اور اس سلسلہ میں کراچی اور اسلام آباد میں لیبر دفاتر کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر اور وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ و سیاسی تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین الغنیم نے وزیراعظم کا نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور ترقی پسند، خوشحال اور آگے بڑھتے پاکستان کے خواب کو شرمندہٴ تعبیر کرنے میں قطر کی حکومت کی جانب سے مکمل حمایت و تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے شیخ تمیم بن حماد الثانی کی قیادت میں قطر میں امن، ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات