نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز کا آغاز شاندار انداز میں کرینگے، بابر اعظم

منگل 13 نومبر 2018 14:04

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز کا آغاز شاندار انداز میں ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیویز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز کا آغاز فاتحانا انداز میں کرینگے۔ اپنے ایک بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ وہ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ کیویز کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں بارش حائل نہ ہوتی تو میچ جیت سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کیویز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 16 نومبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں کہا کہ کیویز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے حصول کیلئے پوری ٹیم کو کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اس سے قبل پاکستان نے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کیویز کو کلین سویپ کیا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا اختتام 1-1 سے برابری پر ہوا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 24 سے 28 نومبر تک دبئی میں کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 دسمبر تک ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔