یو ایس ایڈ کے سمال گرانٹس اور ایمبیسڈرز فنڈ پروگرام کی اعانت والے منصوبوں کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

منگل 13 نومبر 2018 16:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) پاکستان بھر میں کام کرنے والی تنظیموں کے مندوبین نے اسلام آباد میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے سمال گرانٹس اور ایمبیسڈرز فنڈ پروگرام کی اعانت سے پایہ تکمیل کو پہنچنے والے منصوبوں کی کامیابی کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے تحت ملک کے بعض دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں کام کرنے والے اداروں کو امداد فراہم کی گئی جبکہ لوگوں کی مقامی فیصلہ سازی کے عمل میں شرکت کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔

یو ایس ایڈ کی اعانت سے مستفید ہونے والے افراد نے تقریب کے دوران موسیقی، دستاویزی فلم، ذاتی تجربات، روایتی فنون اور اشاروں کی زبان کے ذریعہ اپنی اپنی کہانیاں سنائیں۔

(جاری ہے)

ان افراد کی زندگی میں درپیش مشکلات اور پھر کامیابی حاصل کرنے کی جدوجہد کو ’’مواقع سازی اور حوصلہ افزائی‘‘ کے عنوان سے مرتب کی گئی ایک عکسی کتاب میں محفوظ کرلیا گیا ہے۔

سفیر کا فنڈ بڑے پیمانے پر اثر انداز ہونے اور فوری طور پر قابل عمل سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ فنڈکے قابل ترجیح ترقیاتی سرگرمیوں میں خواتین کے امور، ثقافتی ورثہ کا تحفظ، تجارت، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور جنگلی حیات کا تحفظ شامل ہے جبکہ اسمال گرانٹ فنڈ نے معاشی ترقی، تعلیم، توانائی، صحت عامہ، عوامی شرکت اور نظم و نسق کی بہتری کے اقدامات کی جانب نسبتاً بڑی امداد فراہم کی۔

پاکستان میں امریکہ کے قائم مقام سفیر پال جونز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فراہم کی گئی امداد کے اثرات نمایاں ہونے میں بسا اوقات تھوڑا سا زیادہ عرصہ لگ جاتاہے لیکن آج ہم جس کامیابی کی خوشیاں منا رہے ہیں، اس کا سب سے غیر معمولی پہلو یہ ہے کہ وہ دراصل ایک بڑی کہانی کی شروعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تنظیموں نے بہت سے شعبوں میں جو اچھے اقدامات کئے ہیں، مستقبل میں ان کے مقامی آبادیوں پر جس طرح اثرات مرتب ہوں گے اٴْس کا ہم ابھی تصوربھی نہیں کرسکتے۔ تقریب میں پاکستان اور امریکہ کے سرکاری اہلکار، سول سوسائٹی کے نمائندے ،ترقی میں مصروف ِعمل کارکن، کمیونٹی رہنما، گرانٹ حاصل کرنے والی اور منصوبوں سے مستفید ہونے والے افراد سمیت تقریبا 200 لوگ شریک ہوئے۔