امریکہ نے حماس کے نائب صدر کو اشتہاری قرار دیدیا، سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر

ایران دنیا کا پہلا ملک ہے جو دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، ناتھن سیلز

بدھ 14 نومبر 2018 18:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) امریکہ نے حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروی کو اشتہاری قرار دیکر ان کے سر کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی ہے۔ امریکی حکومت نے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے دو رہنمائوں خلیل یوسف حرب اور ہیثم علی طبطبائی کو بھی اشتہاری قرار دیا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق امریکی انسداد دہشت گردی ڈیپارٹ منٹ کے رابطہ کار ناتھن سیلز نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران دنیا کا پہلا ملک ہے جو دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے حماس کی قیادت کو بھی بلیک لسٹ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس سے قبل امریکہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا ہے اس حوالے سے نئی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد الضیف، اسلامی جہاد کے رہ نما زیاد النخالہ، غزہ میں حماس کے صدر یحییٰ السنوار، فتحی حماد، القسام بریگیڈ کے کمانڈر احمد الغندور، اسلامی جہاد کے سابق سیکرٹری جنرل رمضان شلح اور حماس کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی کو بھی اشتہاری قراردیا ہے۔