تحریک انصاف کے سینیٹر کی نااہلی کا امکان

سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں اعظم سواتی کیخلاف تحقیقات مکمل کر لیں

muhammad ali محمد علی بدھ 14 نومبر 2018 21:43

تحریک انصاف کے سینیٹر کی نااہلی کا امکان
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 نومبر 2018ء) تحریک انصاف کے سینیٹر کی نااہلی کا امکان، سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں اعظم سواتی کیخلاف تحقیقات مکمل کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقات مکمل ہوگئیں، اعظم سواتی نے جے آئی ٹی کے سامنے بیان قلمبند کرادیا۔

بدھ کے روز وفاقی وزیر سائنس ٹیکنالوجی اعظم سواتی آئی جی اسلام آباد تبدیلی کیس میں جے آئی ٹی کے روبروپیش ہوئے جہاں ان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان کی توثیق کرتے ہوئے فارم ہاؤس سے ملحقہ سرکاری زمین پر قبضے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے آئی جی کے تبادلے کے معاملےمیں اثرانداز ہونے کی بھی تردید کردی، اس سے قبل جوائنٹ انسوتحقیقاتی کمیٹی نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ کے بیانات بھی قلمبند کئے جبکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور سابق آئی جی نے بھی بیانات ریکارڈ کرائے۔

جے آئی ٹی نے تفتیشی افسر اور کچی آبادی کے متاثرین سے بھی بیانات لئے، جے آئی ٹی آئندہ دو روز میں رپورٹ تیار کرکے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔