حکومت یونیورسٹیوں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہی ہے،کمشنر ساہیوال

جمعرات 15 نومبر 2018 23:17

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن عارف انور بلوچ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ اور طلبا و طالبات کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے یونیورسٹیوں کو تمام ضروری سہولیات ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہی ہے، جس سے دوردراز علاقوں کے ذہین طلبا و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع دستیاب ہونگے، یونیورسٹی آف ساہیوال شہر میں موجودہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں ایک منفرد حیثیت کا تعلیمی ادارہ ہے جسے مزید بہتر بنانے کیلئے فنڈز کی دستیابی کو ممکن بنایا جائیگا ، انہوں نے یہ بات یونیورسٹی کے تفصیلی دورے کے دوران کہی، جس میں انہوں نے یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مسائل سے آگہی حاصل کی، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل، ڈاکٹر شفیق حسین اور اسسٹنٹ کنٹرولر سید غلام علی اصغر بھی انکے ہمراہ تھے، انہوں نے یونیورسٹی کے نئے ترقیاتی منصوبے کی جلد منظوری کی بھی یقین دہانی کرائی ، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل نے بتایا کہ یونیورسٹی میں 8 شعبوں بی بی اے ،کمپیوٹر سائنس، انگلش، اکنامکس ، لاء، کیمسٹری اور فزکس میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں اڑھائی ہزار سے زائد طلبا وطالبات زیر تعلیم ہیں، انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں مزید اکیڈمک بلاکس کی تعمیر اور نئے تعلیمی شعبے شروع کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جس پر ایک ارب کی خطیر رقم صرف ہوگی ، انہوں نے یونیورسٹی کی مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 35 ایکٹر مزید زمین فراہم کئے جانے کے کیس کی جلد منظوری کا بھی مطالبہ کیا، جس پر کمشنر نے وعدہ کیا کہ وہ اس معاملے کو جلد پراسیس کروائیں گے ، کمشنر نے وائس چانسلر کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ،کمشنر نے ایڈمنسٹریشن بلاک کے لان میں ایروکیریا کا یادگاری پودا بھی لگایا۔