ملتان میٹروبس منصوبے سے متعلق شائع ہونے والی خبریں قیاس آرائی پر مبنی اور تصوراتی ہیں، قومی احتساب بیوروکا وضاحتی بیان

جمعہ 16 نومبر 2018 18:58

ملتان میٹروبس منصوبے سے متعلق شائع ہونے والی خبریں قیاس آرائی پر مبنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) قومی احتساب بیورو( نیب) نے ملتان میٹروبس منصوبے سے متعلق شائع ہونے والی خبروں اور اطلاعات کو قیاس آرائی پر مبنی اور تصوراتی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ایسی میڈیا اطلاعات اورخبروں سے کچھ وقت کیلئے عام قاری کو تو متاثرکیا جاسکتا ہے تاہم اس سے پراسیکیوشن کے مقصد کیلئے ٹھوس شواہد کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔

نیب نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبہ ملتان سے متعلق مجاز حکام نے انکوائری کی منظوری دی، انکوائری کا مقصد منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی اور اس کی منظوری، بولی کا عمل ، ٹھیکے دینے، کام شروع کرنے، بین الاقوامی خریداری، ٹھیکیداروں، سب کنٹریکٹرز کو ادائیگیاں، لینڈ ایکوزیشن کے عمل کا تجزیہ کرنا اور میسرز یابیٹ چائناکے اکائونٹس سے رقوم منتقلی کا جائزہ لینا تھا۔

(جاری ہے)

ملتان میٹروبس منصوبے میں مجرمانہ شواہد کے تناظر میں انکوائری کو دو ماہ بعد انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا گیا۔بیان کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم کی معاونت کیلئے انجینئرز، بینکرز اور ریونیو افسران پرمشتمل تین ماہرین کی ٹیم تشکیل دی گئی۔ انویسٹی گیشن کے دوران متعلقہ محمکوں کے حکام کنسلٹنٹس، بینکوں کے افسران، اکائونٹ ہولڈرز، اراضی مالکان اور سپلائرز سے جامع تفتیش کی گئی۔

نیب کی ٹیم شواہد اکٹھے کرنے کیلئے لاہور، کراچی اور اسلام آباد گئی۔ ریکارڈ کاجائزہ لینے سے معلوم ہوا کہ قومی خزانے سے سرکری رقم خرچ ہوئی، ملزمان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ بعض نے معزز عدالتوں سے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی۔ انویسٹی گیشن کے دوران معلوم ہوا کہ قومی خزانے کو2200 ملین روپے کا نقصان پہنچایا گیا، چھ تعمیراتی کمپنیوں میں سے تین نے قومی خزانے سے غیرقانونی طریقہ سے حاصل کرائی گئی رقم واپس کرنے کیلئے نیب کو درخواست دی، متعلقہ حکام سے متعلق بیرون ملک معلومات کے حصول کیلئے مشترکہ قانونی معاونت کا طریقہ کار وضع کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ نیب ملتان قانون کے مطابق انویسٹی گیشن کررہا ہے، انویسٹی گیشن مکمل ہونے کے بعد نیب ملتان مزید جانچ پڑتال اور قانونی رائے لینے کیلئے آپریشن ڈویژن اور لیگل ڈویژن کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد بھیجے گا، شواہد کی بنیاد پر جانچ پڑتال اور قانونی جائزہ کے مقررہ طریقہ کار کے بعد انویسٹی گیشن رپورٹ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی جوکہ نیب کا اعلیٰ ٰترین فورم ہے جس میں قانون کے مطابق اکھٹے کئے گئے شواہد کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔

نیب کا ایگزیکٹو بورڈ قانون کے مطابق مزید کارروائی کا فیصلہ کرنا ہے۔ ان حقائق کے تناظر میں میڈیا کو فوجداری مقدمات سے متعلق قیاس آرائی پر مبنی خبر دینے اور رپورٹس سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ غیرذمہ دارانہ رپورٹنگ سے سرکاری اداروں کی شہرت اور تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔