پی ایس ایل: لیوک رونکی کا پاکستان آنے کا اعلان

کیوی وکٹ کیپر بیٹسمین پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں شرکت کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 نومبر 2018 13:52

پی ایس ایل: لیوک رونکی کا پاکستان آنے کا اعلان
آکلینڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17نومبر2018ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی چیمپئن فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیوی وکٹ کیپر بیٹسمین لیوک رونکی نے پاکستان آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں اور 20 نومبر کو اسلام آباد پہنچ کر ڈرافٹنگ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے آفیشل اکاﺅنٹ سے جاری ویڈیو میں لیوک رونکی نے پرجوش انداز سے کہا کہ وہ اس بات کو جاننا چاہتے ہیں کہ مزید کون سے کھلاڑی اس مرتبہ پی ایس ایل کی فرنچائز کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ مصباح الحق اورجین پال ڈومینی کی عدم موجودگی میں لیوک رونکی کو کپتان مقرر کیا جا سکتا ہے لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کپتان کے نام کا اعلان ڈرافٹ کے بعد ہی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن آئندہ برس 14 فروری کو شروع ہوگا، ایونٹ کے 8 میچز پاکستان اور باقی یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔

اگلے برس 14 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کا ڈرافت 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس کےلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت 663 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ڈرافٹ میں پلاٹینم ، ڈائمنڈ ، گولڈ ، سلور اور ایمرجنگ کی کٹگریز شامل ہیں۔ پلاٹینم کیٹگری میں ابراہام ڈی ویلیئرز، سٹیو سمتھ،کیرون پولارڈ، کرس لائن، سنیل نارائن ، لیوک رونچی، تھیسارا پریرا، کورے اینڈرسن، شین واٹسن اور ڈووین براوو جیسے نامور کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔

آئندہ سیزن کے ڈرافٹ میں تمام فرنچائزز کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ گزشتہ سیزن کے دس کھلاڑیوں کو اپنے سکواڈ میں برقرار رکھ سکتے ہیں۔ کھلاڑیوں کے لئے ریٹینشن ونڈو کی آخری تاریخ 13 نومبر ہو گی۔ واضح رہے کہ آئندہ سیزن کیلئے چند کھلاڑیوں کی مختلف ٹیموں میں ٹریڈ ہو چکی ہے جس میں ویسٹ انڈیز کے سپنر سنیل نارائن اور پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل شامل ہیں جو لاہور قلندرز سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں جاچکے ہیں، یہ ٹریڈ ونڈو آج بند ہو جائےگی۔ ہر سکواڈ میں سولہ کھلاڑی رکھے جا سکتے ہیں جس میں3 ،3کھلاڑی پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ اور5سلور جبکہ دو ایمرجنگ پلیئرز شامل ہیں۔