امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی سوڈان کے نائب صدر سے ملاقات

پاکستان اور سوڈان کے تعلقات ، باہمی دلچسپی اورعالم اسلام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے امور پر گفتگو اتحاد عالم اسلامی وقت کی ضرورت ہے ،عالم اسلام کو امت کے مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگا، سراج الحق

ہفتہ 17 نومبر 2018 18:30

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی سوڈان کے نائب صدر سے ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سوڈان کے پانچ روزہ دورے کے دوسرے دن سوڈان کے نائب صدرسے ملاقات کی ،ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے تعلقات ، باہمی دلچسپی اورعالم اسلام کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اتحاد عالم اسلامی وقت کی ضرورت ہے ،عالم اسلام کو امت کے مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگادریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خرطوم جامعہ افریقہ انٹرنیشنل کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کمال عبید اور جامعہ کے اساتذہ اور سٹاف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفار عزیز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے اساتذہ اور طلبہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو دفاع کے بعد اپنا زیادہ بجٹ تعلیم پر خرچ کرنا چاہئے ،اسلامی ممالک کو مشترکہ تعلیمی بجٹ قائم کرکے موجودہ دور کے تعلیمی چینلجز کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور معیشت کے میدان میں ترقی سے ہی عالم اسلام کو جنگوں سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔

اب وقت آگیا ہے کہ لائبریریوں اور لیبارٹریوں کو آباد کیا جائے اور تعلیم اور طب کے شعبہ میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ پورے عالم اسلام میں یونیورسٹیوں کی جتنی تعداد ہے اتنی یونیورسٹیاں مغرب کے صرف ایک ملک برطانیہ میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہی عالم اسلام کو لسانی ،علاقائی اور مسلکوں کی تفریق سے نکال کر ایک امت بنایا جاسکتا ہے ۔