تعلیمات رسول سے امن و محبت کا درس ملتا ہے،صاحبزادہ حامد رضا

سرکاری سطح پر عیدمیلادالنبی منانے کا خیرمقدم کرتے ہیں،قومی سیرت کانفرنس کو ختم نبوت سے منسوب کرنا خوش آئند ہے سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں میلادالنبی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی وفاقی اور صوبائی حکومتیں اہل سنت جماعتوں کو اعتماد میں لے کر میلادالنبی کے جلوسوں کی فُول پروف سیکورٹی یقینی بنائیں،تنظیمات اہل سنت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر

ہفتہ 17 نومبر 2018 20:40

تعلیمات رسول سے امن و محبت کا درس ملتا ہے،صاحبزادہ حامد رضا
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تعلیمات رسول سے امن و محبت کا درس ملتا ہے۔ سرکاری سطح پر عیدمیلادالنبی منانے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ قومی سیرت کانفرنس کو ختم نبوت سے منسوب کرنا خوش آئند ہے۔ سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں میلادالنبی عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

عید میلادالنبی کے موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں دس ہزار جلوس نکالے جائیں گے۔ عید میلادالنبی کے جلسے جلوسوں کی سیکورٹی پر شدید تحفظات ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اہل سنت جماعتوں کو اعتماد میں لے کر میلادالنبی کے جلوسوں کی فُول پروف سیکورٹی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

میلادالنبی کے ہر پروگرام کو تحفظ ناموس رسالت کے عنوان سے منایا جائے گا۔

وزیراعظم عید میلادالنبی کے موقع پر ملک میں نظام مصطفے کا اعلان کریں۔ ربیع الاول کے دوران ملک بھر میں‘‘ فروغ عشق رسول‘‘ مہم جاری رہے گی۔ ولادت رسول کی خوشی میں غریب بستیوں میں کھانا، ہسپتالوں، جیلوں اور یتیم خانوں میں میلاد گفٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ عید میلادالنبی کے پروگراموں کے سلسلہ میں ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ میں عید میلادالنبی کی تیاریوں کے سلسلہ میں تنظیمات اہل سنت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حضور نبی کریم کی سیرت اپنانا اور میلاد منانا عاشقان رسول کی شناخت ہے۔ اطاعت رسول کے بغیر حب رسول کا دعوی بے معنی ہے۔ کوئی سچا عاشق رسول انتہا پسند اور نفرت کا سوداگر نہیں ہو سکتا. حکومت عید میلادالنبی سے پہلے شہروں کی صفائی کے خصوصی انتظامات کرے۔

ربیع الاول کے دوران لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ 12 ربیع الاول کے ساتھ 11 ربیع الاول کی سرکاری چھٹی کا اعلان کیا جائے۔ 11 ربیع الاول کو بعد نماز مغرب ملک بھر میں مشعل بردار جلوس نکالے جائیں گے۔ امت مسلمہ نبی امن و رحمت کی سیرت طیبہ کو مشعل راہ بنا کر عظمت رفتہ بحال کر سکتی ہے۔ اتباع رسول ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔