خواتین کوکاروبار کی طرف راغب کرناوقت کی ضرورت ہے ،صدر آر سی سی آئی

اتوار 18 نومبر 2018 20:20

راولپنڈی۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بناکر معاشی ترقی کا حصول ممکن ہے ،خواتین ملکی آبادی کا 51فی صد ہیں انہیں قومی دھارے میں لائے بغیر جی ڈی پی کے اہداف کاحصول ناممکن ہے ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں بیس لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں ہمیں نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو انٹر پرینیورشپ اور کاروبار کی طرف راغب کرنا ہوگا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ای) کو ترقی دے کر ہی بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک شاہد سلیم نے فاطمہ جناح یونیورسٹی میں کیریئر فیئرکے افتتاح کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی جانب سے فارغ التحصیل ہونے والی طلباء کے لیے کیریئر میلے کا انعقاد خوش آئند ہے جو باقی یونیورسٹیوں کے لیے قابل تقلید ہونا چایئے ملک شاہد سلیم نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں ویمن بزنس انکیوبیشن سنٹرمکمل طور پر فعال ہو چکا ہے جہاں پر خواتین کو کاروبار شروع کرنے اور بزنس سیٹ اپ بنانے کے لیے عملی اقدامات سے گزارا جا رہا ہے تاکہ وہ کاروبار کی پیچیدگیو ں کو اچھی طرح سمجھ سکیں انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظر میں ایس ایم ای کے شعبے کی ترقی بہت ناگزیر ہو چکی ہے نئی انڈسٹری لگے گی نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو اپنی فنی قابلیت بہتر بنانا ہو گی اس سلسلے میں سمینار، ورکشاپ اور ٹریننگ کے لیے راولپنڈی چیمبر ہر ممکن راہنمائی اور معاونت فرہم کرے گا بعد میں صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا میلے میں مختلف شعبوں آئی ٹی، ٹیلی کمیونکیشن اور ہیومن ریسورس کی چھوٹی اور بڑی کمپنیوں نے سٹالز لگائے تھے اس موقع پر وائس چانسلرڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے صدر ملک شاہد سلیم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔