جنوبی افریقہ کی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت ،

کھلی دہشت گردی قرار دیا غزہ میں گھس کر اسرائیلی فوج کی کارروائی کو دہشت گردی سمجھتے ہیں اسرائیلی معاشی پابندیوں سے 20 لاکھ فلسطینیوں کی زندگی اجیرن ہو کررہ گئی ہے، افریقی سفیر

پیر 19 نومبر 2018 19:10

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2018ء) جنوبی افریقہ نے گزشتہ ہفتے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ فلسطین میںجنوبی افریقہ کے سفیر اشرف سلیمان نے ایک بیان میںکہا ہے کہ ان کے ملک کا غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے کے حوالے سے موقف واضح ہے۔

غزہ میں گھس کر اسرائیلی فوج کی کارروائی کو ہم دہشت گردی سمجھتے ہیں اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔جنوبی افریقہ کے سفیر نے کہا کہ اسرائیل نے 12 سال سے غزہ کی پٹی پر معاشی پابندیاں عاید کر رکھی ہیں جس کے نتیجے میں دو ملین فلسطینیوں کی زندگی اجیرن ہو کررہ گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کی حمایت جاری رکھیں گے اور غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

اشرف سلیمان نے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کو جراتمندانہ موقف اختیار کرنا ہوگا۔ انہوںنے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے عالمی قراردادوں پرعمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطینی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں یکجہتی پیدا کریں۔قبل ازیں جنوبی افریقہ کے سفیر اشرف سلیمان نے گزشتہ روز حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔