زلمی فاؤنڈیشن و ترکش ڈیویلپنگ اسپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط

پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن پاک ترک دوستی کے رشتوں کو مزید مظبوط کریگی، زلمی فاؤنڈیشن دوست ملک ترکی میں کرکٹ کو فروغ دیگی، جاویدآفریدی ترکی کے دو کرکٹرز پی ایس ایل فور میں پشاور زلمی کے اسکواڈ کے ساتھ موجود ہوں گے

پیر 19 نومبر 2018 21:53

زلمی فاؤنڈیشن و ترکش ڈیویلپنگ اسپورٹس برانچز فیڈریشن کے درمیان ایم ..
لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی چین، آسٹریا کے بعد ترکی میں بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریگی، اس سلسلے میں زلمی فاؤنڈیشن اور ترکی اسپورٹس ڈیویلپنگ فیڈریشن کے درمیان اسلام آباد میں ترکی کے سفارتخانے میں ایک پروقار تقریب میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے، زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے چیئرمین جاوید آفریدی جبکہ ترکی کی اسپورٹس ڈیویلپنگ فیڈریشن کے صدر حسن ازترک نے ایم او یو پر دستخط کئے ، تقریب میں شرکت کیلئے ترکی کی اسپورٹس ڈیویلپنگ فیڈریشن کا وفد خصوصی طور پر پاکستان آیا، جن میں ترکی کے نیشنل کرکٹرز، انقرہ اسپورٹس کلب کے صدر، انقرہ اسپورٹس کلب کے انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر سلمان علی شامل تھے، اس موقع پر چیئرمین پشاور زلمی/ زلمی فاؤنڈیشن جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات نصف صدی سے زائد سے قائم ہے، پاکستان اور ترکی کی عوام کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مظبوط کرنے میں کرکٹ اپنا کردار ادا کریگی، پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن ترکی میں کرکٹ کے فروغ میں مکمل تعاون کریگی، اس سلسلے میں ترکی کی مینز اور ویمنز ٹیم کے علاوہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کٹس فراہم کی جائیگی، جونیئر اور اسکول لیول پر کرکٹ کٹس اور کوچنگ مہیا کی جائیگی، پشاور زلمی کے کوچز اور کرکٹرز ترکی جاکر نوجوان کرکٹرز کو کوچنگ فراہم کریں گے، کرکٹرز کے علاوہ ترکی کے امپائرز کو بھی کوچنگ فراہم کی جائیگی اور ان امپائرز کو پاکستان میں ہونیوالے زلمی کرکٹ ٹورنامنٹس میں امپائرنگ کا موقع دیا جائیگا، اس کے علاوہ سب سے بڑھ کر دو ترکی کے کرکٹرز پاکستان سپر لیگ فور میں پشاور زلمی کے اسکواڈ کے ساتھ موجود رہیں گے اور انہیں پاکستان کے ساتھ غیر ملکی اسٹار کرکٹرز کے ساتھ رہنے اور سیکھنے کا بہترین موقع ملے گا، پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل نے کہا کہ ترکی میں کرکٹ کا ٹیلنٹ موجود ہے، زلمی فاؤنڈیشن کے ساتھ ایم او یو سائن کرنے کے بعد ترکی کے نوجوان کرکٹرز کو اس دلچسپ کھیل کو سیکھنے اور مہارت حاصل کرنے میں مدد ملے گی، زلمی فاؤنڈیشن کے بارے میں پاکستان سپر لیگ فرنچائز پشاور زلمی نے پاکستان اور خصوصا خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے زلمی فاؤنڈیشن قائم کی ہے، اس فاؤنڈیشن کے تحت خیبر پختونخوا میں زلمی ٹیلنٹ ہنٹ، ہائیر زلمی ہنڈرڈ پچز، زلمی اسکول لیگ، زلمج مدرسہ لیگ، زلمی آزادی کپ جیسے بڑے ایونٹس منعقد ہوچکے ہیں، ترکی سے قبل زلمی فاؤنڈیشن آسٹریا میں بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے ایم و یو سائن کرچکی ہے۔