کراچی،شہر میں ریسٹورنٹ کی انسپکشن کے لئے 40 فوڈ سیفٹی آفیسرز بھرتی کئے جائیں گے،سید ممتاز علی شاہ

منگل 20 نومبر 2018 22:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2018ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہاہے کہ شہر میں ریسٹورنٹ کی انسپکشن کے لئے 40 فوڈ سیفٹی آفیسرز بھرتی کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوںنے آج سندھ فوڈ اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کو مزید موثر بنایا جائے گا اور موبائل لیباریٹری سمیت سندھ فوڈ اتھارٹی کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

ممتاز علی شاہ نے کہا کہ میڈیا کے زریعہ عوام میں ڈیٹ ایکسپائر (زائدالمیعاد) اشیائ کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے جس میں اشیائ پر موجود پیکنگ ٹیگنگ کے لئے بھی آگاہی فراہم کی جائے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ وہ کراچی یونیورسٹی کی لیبارٹری کو مزید بہتر بنا رہے ہیں اور آئندہ اشیائ کے نمونے چیکنگ کے لئے دیگر صوبوں کو بھیجنے کے بجائے اب کراچی یونیورسٹی کی لیبارٹری میں بھیجے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر آپریشنز سندھ فوڈ اتھارٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے کوالٹی کو بہتر کرنے کے لئے 5806 نوٹس جاری کئے ہیں۔یہ نوٹس پرائیویٹ اسکول میں واقع کینٹین، ریسٹورنٹ، آئیس فیکٹریز کو جاری کئے گئے ہیں۔ مختلف ریسٹورنٹ پر 16 لاکھ کا جرمانہ لگایا ہے جب کے 17 منرل واٹر کمپنیز کو سیل کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ، سیکریٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ عبدالکبیر قاضی ، سیکریٹری خو راک، ڈائریکٹر فوڈ اور دیگر افسران نے شریک کی۔#