اگلے دو سے تین برسوں تک پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد کرانا اولین ترجیح ہے،

مقصد کے حصول کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے، پی ایس ایل فائیو میں اسلام آباد و راولپنڈی کے شائقین کو بڑی خوشخبری دیں گے، احسان مانی

منگل 20 نومبر 2018 22:37

اگلے دو سے تین برسوں تک پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد کرانا اولین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے دو سے تین برسوں تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو تو ہمارے لئے اپنے ملک میں لیگ کے انعقاد میں آسانی ہو گی، پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شائقین کو بڑی خوشخبری دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں اسلام آباد میں مقامی ہوٹل میں پی ایس ایل فور کے سلسلے میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اب بہت بڑا برانڈ بن گیا ہے اور اس میں فرنچائزز اور سپانسرز کا کردار بہت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند غیر ملکی ٹیموں سے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ پی ایس ایل کے ذریعے سے ہی ملک میں پہلے کی طرح انٹرنیشنل مقابلے بحال ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے دو سے تین برسوں تک اپنے ملک میں پی ایس ایل کا انعقاد کرانا ہماری اولین ترجیح ہے، امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ غیرملکی کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بحال ہو گا جس کے بعد ہمارے لئے پاکستان میں لیگ کے انعقاد میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہا کہ پی ایس ایل فور میں آٹھ میچز پاکستان میں ہوں گے، بلاشبہ پانچویں ایڈیشن میں ان کی تعداد زیادہ ہو گی اور ہم راولپنڈی و اسلام آباد کے شائقین کو بڑی خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے اگلے تین برس تک پی ایس ایل ٹائٹل سپانسرشپ حقوق میں تجدید کرنے پر حبیب بینک لمیٹڈ کو سراہا اور یہ انتہائی قابل ستائش اقدام ہے۔