چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی اومان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد الخلیلی سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت دی

جمعرات 22 نومبر 2018 14:44

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی اومان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد ..
مسقط ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اومان کے مفتی اعظم شیخ احمد بن حماد الخلیلی سے ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اومان کے مفتی اعظم نے مسلم اُمہ کے لئے پاکستان کی خدمات اور حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے اور امن کے فروغ، ترقی و خوشحالی اور اتحاد کیلئے پاکستان کاکردار مثالی رہا ہے اور مستقبل میں بھی اسی طرح تعمیری اور ٹھوس کردار ادا کرتا رہے گا۔

مفتی اعظم نے عالمی امن اور خوشحالی کیلئے بلا تفریق ڈائیلاگ کے فروغ پر زور دیا اس موقع پر مفتی اعظم نے پاکستان کے ساتھ اپنی قربت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ان کا تعلق چار دہائیوں پر محیط ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے مفتی اعظم کی بصیرت اور مفکرانہ خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ اسلامی دنیا اور بالخصوص پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے میں انہوں نے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر محمد اعظم خان سواتی ،سینیٹر زکلثوم پروین ، مولا بخش چانڈیو ، دلاور خان، حاجی مومن خان آفریدی اور سپیشل سیکرٹری سینیٹ محمد انور بھی اس دورے میں چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ ہیں۔ پاکستانی وفد کے سربراہ نے مفتی اعظم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔