گورنر پنجاب و چانسلر یو ای ٹی لاہوریونیورسٹی چوہدری محمد سرورنے کانووکیشن کی صدارت کی

چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین اور چیئر مین پی ای سی انجینئر جاوید سلیم قریشی بطور مہمان خصوصی شریک،یو ای ٹی لاہور و سب کیمپسزکے 2263طلباء و طالبات میں اسناد اور 71 گولڈ میڈل تقسیم

جمعہ 23 نومبر 2018 23:35

لاہور۔23 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2018ء) یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں 25ویں سالانہ تقریب تقسیم اسنادکا انعقاد کیا گیا،کانووکیشن کی صدارت چانسلر یونیورسٹی و گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کی،کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ جامعات سائنسی بنیادوں پر قوم سازی کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتی ہیں جس کیلئے نتیجہ خیز تحقیقی سوچ اور دیگر مشاہدات کے شعبوں میں عبور حاصل کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، اس سلسلے میں یو ای ٹی میں مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ ملکی ترقی میں جدید علوم اور تکنیکی مہارتوں سے اپنا حصہ ڈالا جا سکے، انہوں نے جامعہ کی سالانہ کارکردگی ، مختلف ترقیاتی منصوبوں، نئی تدریسی مہارتوں ، لیبارٹریز ، دیگر سب کیمپسز، تحقیقی مراکزاور مختلف ملکی و غیر ملکی اداروں کے ساتھ معاہدوںکے حوالے سے شرکاء کو مکمل آگاہی فراہم کی، انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سالوں میں یو ای ٹی کی رینکنگ میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے ،کیو ایس ایشیا کی حالیہ رینکنگ میں یو ای ٹی 200ویں نمبر سے 171 نمبر پر آ گئی ہے اس سنگ میل کو عبور کرنے میںانہوں نے طلباء ،اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور انکی حوصلہ افزائی کی ، انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی موجودہ حکومت کے ساتھ قدم سے قدم ملائے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے ، اس سلسلے میں وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت یو ای ٹی اور اس کے سب کیمپسز کے طول و عرض میں 30000سے زائد پودے لگا کر اپنا کردار ادا کیا ہے ، انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ مستقبل میں بھی اپنے پراجیکٹ وقت پر جمع کروائیں تا کہ انکو بروقت اسناد جاری کی جا سکیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے طلباء انڈسٹری میں بھی اپنا اچھا نام بنائیں گے، رواں سال کانو کیشن میں مجموعی طور پر 71طلبہ کو سونے کے تمغوں سے نوازا گیا اور 2263کامیاب طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئی جن میں بی ایس سی انجینئرنگ کی1680، ایم ایس سی اور ایم فل کی564اورپی ایچ ڈی کی19 طلبہ وطالبات شامل ہیں، جبکہ یو ای ٹی لاہور کے 1139،یو ای ٹی کالا شاہ کاکو کے 222،یو ای ٹی فیصل آباد کے 157طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی گجرانوالہ میں 87،جبکہ یو ای ٹی نارووال کیمپس کے 75طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں، اس موقع پر جامعہ کے ارکان سیندیکیٹ ، چیئرمین پاکستان ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین ،چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر جاوید سلیم قریشی ،غیر ملکی وفود اور ڈینزجن میں پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس انجم ، پروفیسر ڈاکٹر ندیم فیروز،پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکر، پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد مفتی ،رجسٹرار محمد آصف اور کنٹرولر امتحانات ضرغام نصرت سمیت مختلف تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ،کانووکیشن کا اختتام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد کی طرف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، پی ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین اور پی ای سی کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی کو اعزازی شیلڈ سے نوازا، کانووکیشن میں اساتذہ ، طلبہ اور انکے والدین پر مسرت تھے اور انہوں نے ہوا میں اپنی ٹوپیاں اچھال کرخوشی کا اظہار کیا۔