اسرائیل کا نظام حکومت جعلی،وجودسرطان کا پھوڑا ہے،ایرانی صدر

امریکی دباؤ کے سامنے جھکنا غداری، سعودیہ کو دہشت گردی اور سپر پاورز سے بچانے کے لیے تیار ہیں،خطاب

اتوار 25 نومبر 2018 11:10

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2018ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک سرطان کا پھوڑا ہے جسے مغربی ممالک نے مشرق وٴْسطیٰ میں اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے تخلیق کیا۔ امریکا علاقے کی مسلم اقوام کے ساتھ قریبی تعلقات پیدا کرتا ہے تاکہ اسرائیل کی حفاظت کی جا سکے، امریکی دباؤ کے سامنے جھکنا غداری جیسا ہے، ایران سعودی عرب کو دہشت گردی اور سپر پاورز سے بچانے کے لیے تیار ہے، ہم آپ کو ایک بھائی تصور کرتے ہیں۔

ہم مکہ اور مدینہ کے لوگوں کو اپنا بھائی مانتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سالانہ اسلامی اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھاکہ دوسری عالمی جنگ کے منحوس نتائج میں سے ایک اس علاقے میں سرطان کے پھوڑے کا وجود میں آنا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسرائیل کو ایک جعلی نظام حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے مغربی ممالک نے قائم کیا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا علاقے کی مسلم اقوام کے ساتھ قریبی تعلقات پیدا کرتا ہے تاکہ اسرائیل کی حفاظت کی جا سکے۔ ان کا بظاہر اشارہ سعودی عرب کی طرف تھا جو امریکا کا قریبی اتحادی ملک ہے۔ روحانی کا کہنا تھا کہ امریکی دباؤ کے سامنے جھکنا غداری جیسا ہے۔ایرانی صدر کا تاہم یہ بھی کہنا تھا کہ ایران سعودی عرب کو دہشت گردی اور سپر پاورز سے بچانے کے لیے تیار ہے۔ سعودی عرب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حسن روحانی کا مزید کہنا تھاکہ ہم آپ کو ایک بھائی تصور کرتے ہیں۔ہم مکہ اور مدینہ کے لوگوں کو اپنا بھائی مانتے ہیں۔