جنوبی افریقن ٹی ٹونٹی لیگ، کیپ ٹائون بلٹز کی مسلسل چوتھی فتح، نیلسن منڈیلا بے جائنٹس نے فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی

اتوار 25 نومبر 2018 21:00

کیپ ٹائون۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2018ء) جنوبی افریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں کیپ ٹائون بلٹز نے جوزی سٹارز کو ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی، نیلسن منڈیلا بے جائنٹس نے فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر لی۔ جنوبی افریقہ میں جاری مزانسی ٹی ٹونٹی لیگ کے سلسلے میں کھیلے گئے نویں میچ میں کیپ ٹائون بلٹز نے جوزی سٹارز کو 62 رنز سے ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی اپنے نام کی، کیپ ٹائون بلٹز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 198 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کوک اور جینمان میلان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی، ڈی کوک نے 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، میلان 66 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، آصف علی 11 رنز بنا سکے، اولیوائر نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں جوزی سٹارز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 18ویں اوور میں 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان ڈینی ویلاس 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، نورٹج اور لائنڈ نے 3، 3 ڈیل سٹین اور پہلک وایو نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

لیگ کے دسویں میچ میں نیلسن منڈیلا بے جائنٹس نے ٹشوین سپارٹنز کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 7 رنز سے ہرا کر تیسری کامیابی سمیٹی، نیلسن منڈیلا بے جائنٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 143 رنز بنائے، مارکو ماریس 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان سمٹس 19 رنز بنا کر چلتے بنے، جیون مینڈس نے 4 اور سیپملا نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں ٹشوین سپارٹنز نے 5.1 اوورز میں 3 وکٹوں پر 35 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد بقیہ اوورز کا کھیل نہ ہو سکا، اسطرح نیلسن منڈیلا ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ سے 7 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔