پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے میگا ہائوسنگ پراجیکٹ سے ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے

اسٹیبلشمنٹ امور بارے وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 1 دسمبر 2018 02:40

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے میگا ہائوسنگ پراجیکٹ سے ملک میں روزگار ..
اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) اسٹیبلشمنٹ امور بارے وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے میگا ہائوسنگ پراجیکٹ سے ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی، قومی احتساب بیورو میں اصلاحات، سول سروس ریفارم اور کرپشن کا مکمل خاتمہ اور کرپشن ذرہ بھر بھی برداشت نہ کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان مقررہ اہداف کے حصول کے لئے وزیراعظم اور ان کی ٹیم پورے جوش و جذبے سے کام کر رہی ہے اور تمام وزراء اپنے متعلقہ محکموں، ڈویژن اور ذیلی اداروں میں استعداد سازی کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی 100 دنوں کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 34 میں سے 18 اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے منی لانڈرنگ سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ معلومات کے تبادلہ کے لئے کچھ ممالک کے ساتھ معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔