کلس تا نکہ سڑک کی تعمیر سے عوام کو سفری سہولیات حاصل ہوں گی، دیہی علاقوں کا شہر کے دیگر حصوں سے رابطہ آسان ہو جائے گا

گلیات میں رابطہ سڑکوں کا فقدان اور پانی کے مسائل اٹل حقیقت تھے جسے مشاورت سے حل کیا جا رہا ہے، سردار شجاع احمد

ہفتہ 1 دسمبر 2018 14:01

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) گلیات بھر میں رابطہ سڑکوں کا فقدان اور صاف پانی کے نامساعد حالات اور مسائل ایک اٹل حقیقت ہیں جس کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سرگرم عمل ہیں، علاقائی مسائل حل کرنا عوامی بنیادوں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں، کوشش ہے کہ شفاف انداز میں ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے عوامی مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے، علاقہ کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں جس کے لئے بانڈی میرا میں سٹیڈیم کی تعمیر کا کام جاری ہے جس کا دائرہ کار پورے گلیات تک پھیلانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے، ممبر صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ کی سرپرستی سے عوامی مسائل اور نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار نائب تحصیل ناظم سردار شجاع احمد نے کلس نکہ روڈ کی افتتاحی تقریب اور بانڈی میرا چیلنج کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سردار محمد اکرم، سردار ارشد، سردار محمد عجب، سردار شرافت حسین، سردار رستم، سردار عبدالوحید، سردار محمد اشرف، سردار شیر دل، سردار اشتیاق، سردار بہادر، عبدالرشید و دیگر نے بھی پنڈال سے خطاب کیا۔

سردار شجاع نے کہا کہ بلدیاتی نظام کے معرض وجود آنے کے بعد یو سی بگنوتر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اترنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئیاور علاقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے جامع منصوبہ بندی کر کے عوامی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جس کو نامساعد حالات کے باوجود مکمل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ گلیات بھر میں پینے کے صاف پانی اور رابطہ سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالات جیسے مسائل بحرانی کیفیت اختیار کر چکے تھے جسے عمائدین کی مشاورت سے اپنے چار سالہ دور میں مکمل کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل میں علاقہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ کی بھرپور سرپرستی حاصل رہی جنہوں نے نہ صرف عوامی معیار زندگی بلند کرنے اور مسائل کے حل میں ہمیشہ ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی مسائل حل کرنا عوامی نمائندوں کی اولین ترجیح اور بنیادی ذمہ داری ہے جس سے نبرد آزما ہونے کیلئے عوامی علاقہ کے تعاون اور سرپرستی سے وہ سرگرم عمل رہے جس میں کرپشن اور بدعنوانی کی شکایات پر خصوصی طور پر نگرانی کرتے ہوئے منصوبہ جات کو شفاف انداز میں مکمل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کلس تا نکہ سڑک کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو سفری سہولیات حاصل ہوں گی بلکہ دیہی علاقوں کا شہر کے دیگر حصوں سے رابطہ آسان ہو جائے گا جس سے نہ صرف عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جا سکیں گے۔

بعد ازاں تحصیل نائب ناظم نے بانڈی میرا چیلنج کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی سطح تک کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالہ سے مواقع میسر آئیں گے بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں سے نوجوان بہتر انداز میں نصابی سرگرمیوں اور علاقائی تعمیر و ترقی میں بہتر انداز میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلیات بالخصوص یو سی بگنوتر میںکھیلوں کے میدان کی عدم دستیابی پر بانڈی میرا میں سٹیڈیم کی تعمیر شروع کی جس پر کام جاری ہے اور عنقریب علاقہ بھر کے نوجوانوں کو ایک بہترین سٹیڈیم حاصل ہو جائے گا جس سے علاقہ کے نوجوانوں کو ملک و بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کے مواقع میسر آئیں گے۔