صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں میں صحت، تعلیم اور ذرائع مواصلات کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی ،صوبائی وزیر خزانہ

جمعرات 6 دسمبر 2018 13:45

صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں میں صحت، تعلیم اور ذرائع مواصلات کی بہتری ..
چاغی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت اداروں کی کاکردگی بہتر بنانے پر تسلسل سے کام کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا اس سلسلے میں کوئی بے ضابطگی یا کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوںنے کہا کہ نئے پی ایس ڈی پی میں پسماندہ علاقوں کے لیئے متعدد میگاپراجیکٹس شروع کیئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحصیل چاغی کا ایک روزہ دورے کے موقع پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی نے کہا کہ گزشتہ 100 دنوں کے دوران بلوچستان حکومت نے ادارہ جاتی معاملات کو بہتر بنانے پر کوشش کی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ محکمہ خزانہ ماضی کی نسبت سے زیادہ بہتر کاکردگی دکھانے لگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ روز صبح سویرے دفتر جاتے ہیں اور شام تک حکومتی امور اور عوامی معاملات نمٹاتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور کابینہ کے دیگر اراکین بھی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نمٹانے میں محو ہیں۔

انہوںنے ملنے والے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں میں صحت، تعلیم ، آبنوشی اور ذرائع مواصلات کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی جس کے تحت چاغی میں بھی ان شعبوں کی فروغ پر کام ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنے ووٹرز کے نہیں بلکہ سب کے نمائندے ہیں۔