دیہی علاقوں کی ترقی ہماری حکومت کا مینڈیٹ ہے،راجہ نصیر احمد خان

موجودہ حکومت کے تین سالہ دور کی مثالی تعمیر وترقی نے ماضی کا اکہتر سالہ ریکارڈتوڑ دیا ،جب تک دیانت داری اور خلوص نیت سے کام نہیں کریں گے تو خاطر خوا ہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے،وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی

جمعرات 6 دسمبر 2018 15:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کا مینڈیٹ دیہی علاقوں کی ترقی ہے۔ موجودہ حکومت کے تین سالہ دور کی مثالی تعمیر وترقی نے ماضی کا اکہتر سالہ ریکارڈتوڑ دیا ہے۔ آزادکشمیر کے تمام اضلا ع اور حلقہ جات میں مساوی طور پر فنڈز تقسیم کیے گئے آئندہ جائزہ اجلاس بلا کر کرپشن اور گھوسٹ سسٹم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی حکمت عملی واضح کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظامت اعلیٰ لوکل گورنمنٹ میں مالیاتی سال 2018-19کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید ظہور الحسن گیلانی بھی موجودتھے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ سردار گل زمان خان نے وزیر لوکل گورنمنٹ کو وزیر وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام ،ایم ایل اے فنڈز، واٹر مینجمنٹ ، سول رجسٹریشن سسٹم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر لوکل گوررنمنٹ نے محکمانہ بریفنگ پر اظہار اطمینان کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرلوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے کہا کہ میں نے ماضی میں 5ارب روپے کی بیرونی امداد سے لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے کام کروائے ۔گزشتہ حکومتوں کے دوران یہ فنڈز سکٹر کر 5ارب سے 70کروڑ روپے تک آگئے تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پی ایم سی آئی ڈی پی جیسا بڑا منصوبہ شروع کر کے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو دوبارہ اٹھان دی اورمحکمہ کو مضبوط کیاجس پر ان کے شکر گزار ہیں ۔

اب محکمہ لوکل گورنمنٹ کے پاس وافر فنڈز موجود ہیں لیکن جب تک دیانت داری اور خلوص نیت سے کام نہیں کریں گے تو خاطر خوا ہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ درست سمت پر کام کر رہا ہے۔ کچھ لوگوں کو خوا ہ مخواہ اس محکمہ سے تکلیف ہے۔ میں نے کوشش کر کے ماضی میں بھی محکمہ میں گریڈ 20کا آفیسر باہر سے نہیں آنے دیا۔اب بھی مخالفت کے باوجود محکمہ سے ہی ڈی جی لگوایاجس کے لیے تعاون پر وزیراعظم کا شکر گزار ہوں۔

ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ سردار گل زمان میر ے اپنے محکمہ سے ہیں جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید ظہور الحسن گیلانی انتہائی دیانتدار اور بے لوث انسان ہیں حالانکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ میں دیانت دار سیکرٹری کا ہونا بہت مشکل ہے۔ سیکرٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ کی سطح پر اچھے لوگ ہیں البتہ فیلڈ میں کچھ لوگوں کا مزاج ٹھیک نہیں جسے درست کر نے کی ضرورت ہے۔

آپ میرا ساتھ دیں تو کرپشن ختم کرکے دم لوں گا۔ اگر وزیر ،سیکرٹری اور ڈی جی درست ہوں تو نیچے کا سارا عملہ درست ہو جائے گا۔ راجہ محمد نصیر نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے فیلڈ کے ذمہ داران کو بھرپور سہولیات مہیا کریں گے۔ اس کے بعد کرپشن کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دیں گے۔ ہم نے دوسروں کو نہیں دیکھنا بلکہ اپنا محکمہ اور کام درست کرنا ہے۔

وزیر لوکل گورنمنٹ نے ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کی سفارش کو خاطر میں نہ لائیں درست سمت پر کام کریں اور عملہ سے کام لیں ۔ اب فی حلقہ ساڑھے چار کروڑ کے پراجیکٹس مل رہے ہیں ماضی میں یہ پراجیکٹ صر ف پچاس لاکھ کے ہوتے تھے۔اس ضمن میں ہماری ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے کہ مستعدی سے کام کیا جائے۔ راجہ محمد نصیر نے کہا کہ زیر کار سکیموں کے فنڈز ریلیز ہونے کے بعد میں خود آزادکشمیر بھر میں جا کر منصوبو ں کا معائنہ کروں گا۔

کسی قسم کی بے ضابطگی اور منصوبوں میں کر پشن برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر لوکل گورنمنٹ نے اس موقع پر دفاتر میں حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کا افتتاح کیا او رتمام ضلعی دفاتر میں بھی بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکرٹر ی لوکل گورنمنٹ سید ظہور الحسن گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر احمد خان کے وژن کے مطابق آزادکشمیر بھر میں تعمیر وترقی کے عمل کو مثالی بنانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔

مرکز اور ضلع کے آفیسران کو نظم وضبط کی پابندی کرتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے آفیسران بابر منہاس ، راجہ امداد حسین ، خواجہ محمد مسعود ، محمد مقصود ، راجہ ذوالقرنین ،سردار طاہر اشرف ،فرحان ، اجمل ، ابوبکر مزمل ، منظور چغتائی سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔