متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مزدوروں کے لیے کم از کم اجرت کی حد مقرر

متحدہ عرب امارات میں مزدوری کرنے والے پاکستانیوں کو کم از کم 800 درہم ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 6 دسمبر 2018 21:45

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مزدوروں کے لیے کم از کم اجرت کی حد مقرر
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-06 دسمبر 2018ء) :متحدہ عرب امارات میں مزدوری کرنے والے پاکستانیوں کے لیے کم از کم اجرت کی حد طے کر دی گئی۔کم از کم ماہانہ معاوضہ 800 درہم دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مزدوروں کو استحصال سے بچانے کے لیے ماہانہ اجرت کی کم از کم حد مقرر کی گئی ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اعلیٰ درجے کے سفارتکار کا کہنا تھا کہ یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کو ہیلتھ انشورنس اور رہائش کے ساتھ کم از کم 800 درہم ماہانہ معاوضہ ملے گا۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان نے پاکستانی قونصلیٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستانی مزدوروں کی کم از کم اجرت کی حد متعین کی ،اس سے پاکستانی مزدوروں کو استحصال سے بچانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

معظم احمد خان نے اس حوالے سے تقریب میں بتایا کہ ہم باقی خلیجی ممالک سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ اس قسم کے اقدامات ان ممالک میں بھی اٹھائے جا سکیں۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی تقریب میں موجود تھے جو مختصر دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہوئے ہیں۔واضح ہو کہ کم از کم اجرت کی حد متحدہ عرب امارات اور پاکستانی حکام کی مشترکہ کاوشوں سے مقرر کی گئی ہے۔اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اجرت کی اس حد پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ۔بھارتی مزدوروں کے لیے اجرت کی کم از کم حد 1ہزار درہم رکھی گئی ہے جبکہ ان روپے کی قمیت بھی درہم کے مقابلے میں پاکستانی روپے سے بہتر ہے۔یاد رہے کہ ایک درہم کی قیمت 37.72 روپے پاکستانی ہے جبکہ بھارتی روپے میں اماراتی درہم کی قیمت 19.28 روپے ہے۔