آئی جی سندھ کا تھیلیسیمیا کیمپ کا دورہ

،ہر تھانے کیلئے 20،20 لاکھ روپے کا اعلان معاشرے میں ہم مل جل کر رہتے ہیں تو ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد بھی باٹنے ہوں گے ،ڈاکٹرکلیم امام کی بات چیت

جمعہ 7 دسمبر 2018 19:04

آئی جی سندھ کا تھیلیسیمیا کیمپ کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) ایسٹ زون پولیس اور عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تھلیسیمیا کے بچوں کے لیئے بلڈ ڈونیشن کیمپ امروز صبح 9 بجے تا دوپہر 1بجے بمقام ہیڈکوارٹر ایسٹ سعود آباد کمپلیکس میں لگایا گیا جس میں تھلیسیمیا کے بارے میں آگاہی کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی کے ٹیسٹ بھی کیئے گئے ۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کیمپ کا خصوصی دورہ کیا انکے ہمراہ متعلقہ زون کے سینئر پولیس افسران بھی تھے ۔

آئی جی سندھ نے کیمپ میں تھلیسیمیا کے بچوں سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کرتے ہوئے ایسٹ زون پولیس اورعمیر ثنا بلڈ ڈونیشن کے اس عمل کو سراہا اور تعریف کی۔ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ہم مل جل کر رہتے ہیں تو ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد بھی باٹنے ہونگیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کار خیر کے دائرے کو پہلے مرحلے میں شہری اور بعد اذاں سندھ کی سطح پر بھی وسعت دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ من حیث القوم ہمہیں چاہئے کہ خون کے عطیات کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ہر دو سے تین روز میں خون کی ضرورت پڑتی ہے اور ایسے خاندانوں کے دکھ میں معاشرے کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر انکی مدد کرنا چاہیئے ۔علاوہ اذیں آئی جی سندھ نے ایسٹ زون میں امن وامان کے حوالے سے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں ڈی آئی جی ایسٹ کے علاوہ ایسٹ ملیر کورنگی کے ایس ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے ایسٹ زون کے اضلاع میں عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کے لیئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کی تعریف کی اور اس ضمن میں جملہ اقدامات کو مذید تقویت دینے اور مؤثر بنانیکے احکامات دیئے ۔ان کا کہنا تھا کہ پریشان حال اور مشکلات میں پھنسے لوگوں کی مدد کرنا ایک ایسا عمل ہے جو کسی بھی انسان کو نا صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی منفرد اور نمایاں مقام دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے برتاؤ اور روئیے کو عوام دوست بنانیکی ضرورت ہے ۔محکمہ پولیس میں منفی برتاؤ کے حامل اور بدعنوان افسران اور جوانوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے ایسی کالی بھیڑوں کا ملازمت سے برخاست کیا جانا وقت کا تقاضہ اور ضرورت بھی ہے ۔ انہوں نے ہر تھانہ کو بیس بیس لاکھ روپئے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب وسائل کے تحت تھانہ جات کی تزئین وآرائش کے جملہ اقدامات اٹھائے جائیں۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ ایسٹ سمیت کراچی کے ہر تھانہ میں خواتین پولیس اسٹاف کے لیئے علیحدہ سے رومز قائم کیئے جائیں۔