سی ڈی اے کی سیکٹرای12 کے سات موضع جات میں قبضہ چھڑانے کیلئے حکمت عملی تیار

آپریشن کیلئے سمری وزارت داخلہ کو منظوری کیلئے بھجوا دی گئی ،وزارت داخلہ رواں ہفتے آپریشن کرنے کی اجازت دیئے جانے کا امکان

اتوار 9 دسمبر 2018 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2018ء) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی ای) نے سیکٹر ای 12 میں سات موضع جات سے زمینوں پر قبضہ چھڑانے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی،وزارت داخلہ رواں ہفتے آپریشن کرنے کی اجازت دے گی۔معلومات کے مطابق ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت میں دائردرخواست پر ایڈووکیٹ ناصر نے موقف اپنایا کہ سیکٹر ای 12 میں 1985ء میں 1300افراد نے الاٹمنٹ لیٹر حاصل کیے تھے اور 30سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی سی ڈی اے تاحال الاٹیوں کو قبضہ دلوانے میں ناکام ہے ۔

کروڑوں روپے حاصل تو کرلیے مگر سی ڈی اے نے 1300افراد کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رکھا ہے جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سی ڈی اے سے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ سی ڈی اے نہ صرف الاٹیوں کو قبضہ دے بلکہ سیکٹر کی ڈویلپمنٹ کا کام بھی فوری شروع کرے ۔

(جاری ہے)

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکٹر ای 12میں موضع جات دھریک مہری ،بھیکھڑاکو،بھیکڑہ فتح بخش ، بارہ دری ، سری سرال اور گولڑہ کے علاقے سیکٹر ای بارہ میں آتے ہیں اور متاثرین کو سی ڈی اے گزشتہ 30سال سے واجبات بھی ادا کرچکا ہے مگر تاحال انہوں نے قبضہ نہیں چھوڑا ۔

جس کے مطابق سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے نے غیر قانونی قبضہ کرنیوالے سینکڑوں افراد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ سات دن کے اندر وہ متعلقہ زمینوں کے قبضے چھوڑ دے مگر صورت دیگر ان کیخلاف حتمی آپریشن کیا جائے گا اور یہ سمری وزارت داخلہ کو منظوری کے لئے بھجوا دی گئی ہے ۔وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کی سمری پر رواں ہفتے وزارت کی جانب سے احکامات جاری کردیئے جائیں گے ۔واضح رہے کہ 1300افراد جنہوں نے آج سے تیس سال قبل کروڑوں روپے دے کر سی ڈی اے سیکٹر ای بارہ میں پلاٹ حاصل کیے تھے وہ تاحال پلاٹ کے قبضے سے محروم ہیں ۔۔