Live Updates

ملک کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کا انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان، انتشار اور فساد پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ، افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا ، کسی بھی گروہ یا جماعت کو عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت پر سیاست نہیں کرنے دی جائے گی ، سیرت رحمت للعالمین ؐ کانفرنس کا اعلامیہ

اتوار 9 دسمبر 2018 21:20

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ملک کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اندر انتشار اور فساد پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا ، عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا ہر مسلمان محافظ ہے ، کسی بھی گروہ یا جماعت کو عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت پر سیاست نہیں کرنے دی جائے گی ، مدارس عربیہ اور مساجد کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ، مدارس مساجد کو کوئی خطرہ نہیں ہے، یہ بات سیرت رحمت للعالمین ؐ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہی گئی ، کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا مشتاق چیمہ ، مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا صوفی محمد رضوان ، مولانا حافظ محمد امجد محمود معاویہ ، قاری احسان اللہ قاسمی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا عبد الجبار ، مولانا شفیق الرحمن ، مولانا ابراہیم خلیل ، مولانا سلمان شاکر ، مولانا عارف شامی ، مولانا حکیم افضل جمال ، سید کاظم علی ترابی ،شفیق الرحمن کمبوہ ، قاری عزیر شاکر ، سیٹھ قیصر محمود اور دیگر نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا ہر مسلمان محافظ ہے اور آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات کو کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی ، رہنمائوں نے کہا کہ بعض قوتیں اسلامی ممالک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اور اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں پاکستانی قوم اور فوج کے درمیان بد اعتمادی پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، لیکن اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی ،رہنمائوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے خلاف فتویٰ بازی کرنے والوں کو ثبوت مہیا کرنے چاہئیں، اور اگر وہ ثبوت مہیا نہ کر سکیں تو ان کے خلاف حد قذف کے تحت کاروائی کی جائے ، رہنمائوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو دینی مسائل کے معاملہ میں علماء سے رہنمائی لینی چاہیے اور ملک کے اندر افواہ سازی کے ذریعے بحران پیدا کرنے والوں کا محاسبہ کرنا چاہیے ، رہنمائوں نے کہا کہ مدارس عربیہ اسلام اور پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں ، مدارس عربیہ کے خلاف کوئی قدم برداشت نہیں کیا جا سکتا ، ہمیں امید ہے کہ عمران خان مدارس عربیہ کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کریں گے ، رہنمائوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے نام پر ملک میں فساد برپا کرنے والوں نے عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے تحفظ کی جدوجہد کو کمزور کیا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ مسیح کیس میں نظر ثانی اپیل کی فوری سماعت کی جائے ، آسیہ مسیح کیس کے فیصلے کے بعد ملک میں توڑ پھوڑ کرنے اور گھیرائو جلائو کرنے والے مذہبی جماعتوں کے نمائندہ نہیں ہیں ، حکومت ملک میں انتشار پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کرے ، انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی عناصر اپنی سیاست کیلئے مذہبی طبقہ حکومت اور فوج کے درمیان بد اعتمادی پید اکرنا چاہتے ہیں ، تمام مکاتب فکر کے علماء کو مل کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں میلاد مصطفی پر حملہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے خلاف ہونے والی سازشوں میں پاکستان اور سعودی عرب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، ارض حرمین شریفین اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے ہر وقت جدوجہد جاری رہے گی ، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اچھے کام کرے گی تو تائید کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر مسلم پاکستانیوں کو کسی گروہ یا جماعت سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، پاکستان میں رہنے والے غیر مسلموں کے حقوق کی حکومت اور مسلمان محافظ ہیں۔06 جنوری کو اسلام آباد میں سیرت رحمت للعالمین ؐ کانفرنس جبکہ 3 مارچ کو چوتھی عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد کنونشن سنٹر میں ہو گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات