پنجاب کےسرکاری سکولوں میں ہیلتھ پروگرام کا افتتاح

اسکولوں میں طلباء کو ای این ٹی ٹیسٹ، دانتوں اور جلد کے معائنے کی سہولت میسر ہوگی،9 اضلاع کے 20 اسکولوں میں10 ہزارطلباء کی میڈیکل اسکریننگ بھی کی جائے گی۔ وزیرتعلیم مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 دسمبر 2018 14:29

پنجاب کےسرکاری سکولوں میں ہیلتھ پروگرام کا افتتاح
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں ہیلتھ پروگرام کا افتتاح کردیا گیا ہے، ہیلتھ پروگرام کے تحت سکولوں میں طلباء کو ای این ٹی ٹیسٹ، دانتوں اور جلد کے معائنے کی سہولت بھی میسر ہوگی،9 اضلاع کے 20 اسکولوں میں10 ہزارطلباء کی میڈیکل اسکریننگ بھی کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں ہیلتھ پروگرام کا افتتاح کردیا گیا ہے۔

ہیلتھ پروگرام کا افتتاح وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اوروزیراسکولزایجوکیشن پنجاب مراد راس نے کیا۔ وزیر تعلیم مراد راس نے بتایا کہ پنجاب کے47 ہزاراسکولوں کے90 لاکھ بچوں کو طبی معائنے اورابتدائی علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ محکمہ صحت اورمحکمہ تعلیم مل کر طلباء کیلئے بہترصحت کے اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

پائلٹ پروگرام کا دائرہ کارپورے صوبے کے سرکاری اسکولوں تک پھیلا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروگرام کے تحت پنجاب کے 9 اضلاع کے20 اسکولوں میں10 ہزارطلباء و طالبات کی میڈیکل اسکریننگ بھی ہوگی۔ جبکہ طلباء کوای این ٹی ٹیسٹ کی مفت سہولت فراہم کی جائےگی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اسکولوں کے طلباء کوغذائیت کی اہمیت سےآگاہ کیا جائے گا۔

طلباء کے دانتوں اور جلد کے بھی معائنہ ہوگا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کہ ہم سرکاری سکولوں کے معیار کو بڑھانے اور ان سکولوں میں طلباء کے اندراج میں اضافے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی مہارت کو بڑھانے کے لیے تکنیکی ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت ملک بھر میں یکساں نصاب متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے قومی نصاب کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قابل اور باصلاحیت طلباء کو اپنی تعلیم جاری رکھنے اور بیرونی ممالک میں پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کے لیے وظائف بھی دئیے جائیں گے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اساتذہ پر تنقید نہیں کی جا سکتی کیونکہ وہ کئی سالوں سے طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔