مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں، نہتے کشمیریوں کیخلاف جرائم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کا تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے، شاہ محمود قریشی

کشمیری حق خود ارادیت کیلئے بھارتی وحشت اور بربریت کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں،پاکستان اقوام متحدہ کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے طریقہ ہائے کارکوآگے بڑھانے میں اپنا تعمیری اورمثبت کردارجاری رکھے گا، وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ڈکلیئریشن کے 70 سال مکمل ہونے پرپیغام

پیر 10 دسمبر 2018 22:09

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں، نہتے کشمیریوں کیخلاف جرائم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ،نہتے کشمیریوں کیخلاف جرائم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کا تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جانا چاہئے ،کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کیلئے بھارتی وحشت اور بربریت کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں،پاکستان اقوام متحدہ کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے طریقہ ہائے کارکوآگے بڑھانے میں اپنا تعمیری اورمثبت کردارجاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ نے یہ بات پیرکو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ڈکلیئریشن کے 70 برس مکمل ہونے پر اپنے ایک پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں ،نہتے کشمیریوں کیخلاف جرائم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کاتحقیقاتی کمیشن قائم کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے طاقت کے بے رحمانہ استعمال ،انسانی حقوق کی منظم پامالیوں کی اقوام متحدہ، اوآئی سی اوربرطانوی پارلیمان کے آل پارٹیز گروپ برائے کشمیر نے بھی باضابطہ تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں انسانی حقوق کی بہتری کے ضمن میں پیشرفت دیکھنے کو مل رہی ہے ایسے میں ہمیں ان کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو اس صدی اوراس دورمیں بھی غیر ملکی تسلط کے زیرسایہ جبر کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی سالگرہ کے موقع پرہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے جائز حق خودارادیت کیلئے بھارتی وحشت اوربربریت کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1948 ء میں آج ہی کے دن عالمی برادری نے انسان کی آزادی، وقار اورمساوی حقوق پر اتفاق ظاہرکیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلامیہ نے بیرونی قبضہ اورتسلط کے خلاف آزادی کی تحاریک کو آگے بڑھانے، سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں کی روک تھام اورآزادی کے بنیادی حق کے حصول میں کلیدی کرداراداکیا۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی اس اہم دستاویز کے مسودہ کی تیاری میںمیں بیگم شائستہ اکرام اللہ کی خدمات پر پاکستان کو فخر ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں اورپاکستان کا یہ موقف ہے کہ غربت اور ناانصافیوں میں کمی ، صحت وتعلیم تک یکساں رسائی ، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی اور سینی ٹیشن، ماحولیات کے تحفظ، انسانی وقار کے احترام کو یقینی بنانے، انصاف ، مساوات اورامن واستحکام کو یقینی بنانے سمیت جامع طرز عمل کے ذریعے تمام انسانوں کے شہری، سیاسی، اقتصادی، معاشی، سماجی اورثقافتی حقوق کویقینی بنایا جاسکتا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناحؒ نے انسانی عظمت ووقار، مساوات، انصاف اورمعاشرے کے تمام طبقات کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے رہنماء اصول دیئے ہیں۔ بابائے قومؒ کے ان رہنماء اصولوں کو پاکستان کے دستوراورقوانین کا لازمی جزوبنایا گیاہے، ہماری آزادعدلیہ، آزادمیڈیا اورفعال سول سوسائٹی انسانی بنیادی انسانی حقوق کے محافظین کے طورپر اپنی ذمہ داریاں اداکررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے طریقہ ہائے کارکوآگے بڑھانے میں اپنا تعمیری اورمثبت کردارجاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ ملکی طورپرپاکستان نے انسانی حقوق کے تحفط کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی سمیت اہم پالیسی نوعیت کے جامع اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ اوران کے مقاصدکو آگے بڑھانے کیلئے ملکی اورعالمی سطح پر کام کرنے میں پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت دہشت گردوں اورانتہاپسندوں کے سنگین اوروسیع ترحملوں، پاپولسٹ انتخابی سیاست، نفرت اورعصبیت، عدم برداشت ، گاوکشی پرتشدد، حجاب پہننے والی خواتین کیخلاف جرائم سمیت بے شمار چیلنجز کاسامنا ہے، ہمیں ان سے نمٹنے کیلئے متحدرہنے کی زیادہ ضرورت ہے۔