ہوزری مشینر ی پرمیونسپل کارپوریشن ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،میئر محمد رزاق ملک

پیر 10 دسمبر 2018 23:58

فیصل آباد۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) ہوزری مشینر ی پرمیونسپل کارپوریشن ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، یہ بات میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے میئر محمد رزاق ملک نے پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ دفاتر میں بیٹھنے سے بہت سے مسائل ان کے علم میں نہیں ہوتے ہیںتاہم جب معاملات ان کے نوٹس میں لائے جاتے ہیں تو ان کا کوئی نہ کوئی حل بھی تلاش کر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہوزری ایسوسی ایشن یہ معاملہ ان کے نوٹس میں لائی تووہ اسکو ہائوس میں لیکر گئے ۔ ہائوس نے اس کی منظوری بھی دے دی ہے جبکہ ضابطہ کی کارروائی کے بعد اس کے نوٹیفکشن کے اجراء کیلئے بھی صوبائی حکومت کو لکھ دیا گیاجس کے مطابق 1000روپے سالانہ ٹیکس کی مشین پر میونسپل کارپوریشن صرف 500روپے ٹیکس وصول کرے گا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد شہر کے بعض علاقوں اور سٹرکوں کے بارے میں انہوں نے کہاکہ جو سٹرکیں میونسپل کارپوریشن کے دائر ہ کار میں آتی ہیں ان کی تعمیر و مر مت کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ پندرہ مہینوں کے دوران تقریباً ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کیے گئے۔ شہر کے 32الیکٹرک سگنل مکمل طور پر فنگشنل ہو چکے ہیں جبکہ چار پانچ مزید سگنل لگائے جائیں گے ، ا س سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے پاکستان ہوزری مینو فیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین میاںکاشف ضیاء نے کہا کہ اگر ہوزری سیکٹر کو مساوی مواقع مہیا کئے جائیں تو پاکستانی برآمدات کو بہت مختصر عرصہ میں 30 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایم اے کے 1600 ممبران گارمنٹس کی برآمدات سے 3.2 ارب ڈالر کما رہے ہیں۔ مزید برآں یہ سیکٹر 5 لاکھ خاندانوں کو براہ راست روزگار بھی مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ پاکستانی برآمد کنندگان عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہے جبکہ ہمارے برآمد کنندگان کو یکساں مواقع فراہم کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہوزری مشینوں پر ٹیکس50روپے سے بڑھا کر ایک ہزار ، نیٹنگ پر 2000روپے جبکہ جرابیں بنانے والی مشین پرٹیکس 3000روپے کر دیا گیا تووہ یہ معاملہ میئر فیصل آباد ملک رزاق کے نوٹس میں لائے جس پر انہوں نے اِسے فوری طورپر حل کروایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے بھر پور کوششوں کو جاری رکھیں گے۔

سید ضیاء علمدارحسین صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ میئر فیصل آباد رزاق ملک نے صنعتی علاقاقوں میں سڑکوں کی فوری تعمیر کا حکم دیا ۔ بعدازاں میاں نعیم احمد سابق چیئرمین پی ایچ ایم اے نے میئر اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورمعزز مہمان کو پی ایچ ایم اے کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اجلاس میں میاں خالد پرویز، میاں ضیاء احمد، شاہین تبًسم، حاجی سلیم و دیگر ممبران نے شرکت کی۔