نسان کے سابق چیئرمین کارلوس گھوسن پرکرپشن کے الزام میں ایک اور مقدمہ

گھوسن کو کمپنی کے مالی معاملات میں ہیراپھیری کے الزامات میں19نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 دسمبر 2018 10:14

نسان کے سابق چیئرمین کارلوس گھوسن پرکرپشن کے الزام میں ایک اور مقدمہ
ٹوکیو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 دسمبر۔2018ء) معروف کار ساز جاپانی کمپنی نسان کے سابق چیئرمین کارلوس گھوسن پر فنانشل رپورٹس میں آمدن کم بتانے کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد ان کے نئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے. عالمی نشریاتی ادارے کی رہورٹ کے مطابق اس بات کے زیادہ امکانات ہیں کہ کارلوس گھوسن کرسمس جیل میں گزاریں گے.

خیال رہے کہ 19 نومبر کو مشہور کمپنی نسان کے چیئرمین کارلوس گھوسن کو کمپنی کے مالی معاملات میں ہیراپھیری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا. انہوں نے 2010 سے 2015 کے درمیان اپنی آمدن 5 ارب ین سے کم ظاہر کی تھی.

(جاری ہے)

تاہم جاپانی حکام نے انہیں علیحدہ الزامات کے تحت ایک مرتبہ پھر گرفتار کیا ہے، انہوں نے گزشتہ 3 سالوں میں اپنی آمدن کو 4 ارب سے کم ظاہر کیا تھا.

جاپان کے قانون کے مطابق مشتبہ شخص کو مختلف الزامات کے تحت کئی مرتبہ گرفتار کیا جاسکتا ہے، جس میں پروسیکیوٹرز کو طویل مدت تک پوچھ گچھ کرنےکی اجازت ہوتی ہے،اس نظام کو بین الاقوامی تنقید کا سامنا ہے. آج پروسیکیوٹرز کے پاس کارلوس گھوسن اور ان کے ساتھی گریگ کیلی پر فرد جرم عائد ہونے یا دوبارہ گرفتاری سے قبل تحویل میں رکھنے کا آخری روز تھا اور پروسیکیوٹرز کی جانب سے دوبارہ گرفتار کیے جانے کی صورت میں انہیں پوچھ گچھ کے لیے مزید 22 دن کی اجازت مل سکتی ہے.

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمپنی کی جانب سے ذرائع آمدن سے متعلق دستاویزات جمع کروانے کے بعد پروسیکیوٹرز نے کارلوس گھوس سمیت گریگ کیلی اور نسان کمپنی پر بھی الزامات عائد کیے ہیں. رینالٹ ذرائع کے مطابق کارلوس گھوس خود پر عائد کیے الزامات کو مسترد کرکے ان کا مقابلہ کرنے کا ذہن بناچکے ہیں. فرانسیسی کار بنانے والے کمپنی رینالٹ کی جانب سے نگران چیئرمین کی تقرری کے باوجود کارلوس گھوسن اب تک کمپنی کی سربراہی کررہے ہیں. لبنانی پس منظر رکھنے والے برازیلی نژاد فرانسیسی شہری کارلوس گھوسن جاپانی کمپنی نسان اور مٹسوبشی کے علاوہ یورپ میں کاریں بنانے کے حوالے سے مشہور کمپنی رینالٹ کی بھی سربراہی کررہے تھے.

متعلقہ عنوان :