دُبئی:پاکستانی گارڈ جنسی ہراسگی کے معاملے میں گرفتار

سیکیورٹی گارڈ نے فلپائنی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 دسمبر 2018 16:15

دُبئی:پاکستانی گارڈ جنسی ہراسگی کے معاملے میں گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر2018ء ) پولیس نے ایک رہائشی بلڈنگ کے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ کو جنسی ہراسگی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران 37 سالہ ملزم پر ایک خاتون سے زیادتی کی کوشش کرنے اور اُسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ 38 سال کی متاثرہ فلپائنی خاتون نے بتایا ’’میں ایک گھر میں ملازمت کرتی ہوں۔

24 اگست 2018ء کی رات ساڑھے گیارہ بجے میں ایک سُپر مارکیٹ سے سودا خریدنے کے بعد اپنی رہائشی بلڈنگ واپس پہنچی تو گارڈ نے میرے لیے دروازہ کھولا۔ اس کے بعد وہ لفٹ تک میرے پیچھے پیچھے آیا اور مجھے کہا کہ کیا وہ میرا سامان اُٹھا کر میری مدد کر سکتا ہے، تاہم میں نے اُس کی اس پیشکش کو شُکریئے کے ساتھ ٹھُکرا دیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وہ میرے ساتھ لفٹ میں ہی سوار ہو گیا اور چوتھی منزل پر میرے ساتھ ہی لفٹ سے باہر آ گیا۔

اُس نے ہوس بھری نظروں سے میری طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ میں اُس کے ساتھ چلوں۔ اُس کی بات سُن کر میں پریشان ہو گئی مگر پھر اپنے اپارٹمنٹ کی طرف چل دی۔ اچانک اُس نے مجھے اپنے بازؤوں میں جکڑ کر اپنے جسم کے ساتھ لگا لیا کہ میں اُس کو اپنی گرفت سے چھُڑوا نہ سکی۔ جنسی زیادتی کی اس کوشش کے دوران اس نے میری پینٹ اُتارنے کی بھی کوشش کی اور ساتھ ہی مجھے دھمکیاں دیتا کہ میں چاہے جِتنا مرضی چیخوں چِلّاؤں، وہ اپنی اس حرکت سے باز نہیں آئے گا، اور اگر میں نے مزاحمت کی مزید کوشش کی تو وہ مجھے قتل کر دے گا۔

آخر کسی نہ کسی طرح میں اُس کی گرفت سے آزاد ہو گئی اور بھاگ کر اپنے ٹھکانے پر پہنچ گئی۔ اس واقعے کی رپورٹ جبلِ علی پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی۔ پولیس نے 28 اگست 2018ء کو پاکستانی سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 24 دسمبر 2018ء کو سُنایا جائے گا۔