شارجہ آنے والے افراد کو کار پارکنگ کی پریشانی سے نجات مِل گئی

دیگر ریاستوں کے افراد SMS کے ذریعے پیشگی پارکنگ ریزرو کروا سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 دسمبر 2018 12:32

شارجہ آنے والے افراد کو کار پارکنگ کی پریشانی سے نجات مِل گئی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر2018ء ) امارات بھر میں مقیم ایسے افراد جنہیں کسی مصروفیت، کام یا تفریح وغیرہ کے سلسلے میں شارجہ کا رُخ کرنا پڑتا ہے، وہ اکثر پارکنگ کے لیے کئی گھنٹوں کی خواری کا سامنا کرتے ہیں۔ تاہم شارجہ سٹی میونسپلٹی کی جانب سے دیگراماراتی ریاستوں کے ڈرائیورز کے لیے شاندار خبر سُنا دی گئی ہے۔ اب ڈرائیور حضرات شارجہ آنے سے قبل SMS سروس کے ذریعے ایک گھنٹے کے لیے اپنی گاڑی کی پارکنگ کی جگہ بُک کروا سکیں گے۔

اس سہولت کا آغاز آج کے روز سے ہو رہا ہے، تاہم یہ سہولت فی الحال صرف اتِصالات کے صارفین کے لیے مہیا کی گئی ہے۔اگرچہ اس سروس کے تحت صرف ایک گھنٹے کے لیے پارکنگ کی جگہ مختص کرائی جا سکتی ہے تاہم اس دورانیے میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سروس کا مقصد ڈرائیور حضرات کووقت کے ضیاع کے بغیر پارکنگ کی سہولت دینا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پارکنگ ٹکٹ کے دورانیے میں توسیع کروانا بھول جانے کی صورت میں جرمانے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پیشگی کار پارکنگ کی سہولت کے خواہش مند افراد 5566 پر ٹیکسٹ میسج بھیج سکتے ہیں۔ اس کے لیے پلیٹ سورس، پلیٹ نمبر اور پارکنگ کی بُکنگ کے گھنٹوں کا اندراج کرنا ہو گا۔ اس مقصد کے لیے اگر مزید معلومات درکار ہوں تو shjmun.gov.ae پر کلک کریں یا پھر 993پر کال کر کے مزید تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :