فصلوں اور لائیو سٹاک کی انشورنس کا معاہدہ طے پا گیا

ناگہانی آفات ،موسمیاتی عوامل اوروبائی صورتحال پر نقصان کی تلافی کی جاسکے گی،کوآرڈینیٹر یونائیٹڈ انشورنس

بدھ 12 دسمبر 2018 19:47

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے فصلوں اورلائیو سٹاک کی انشورنس کا معاہدہ طے پا گیا ہے ،معاہدے کے تحت ناگہانی آفات ،موسمیاتی عوامل اور وبائی صورتحال پر کاشتکاروں اور مویشی پال حضرات کے نقصان کی تلافی کی جاسکے گی ۔نجی انشورنس کمپنی ’’یونائیٹڈ انشورنس ‘‘ کے کوآرڈینیٹر نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان میں زرعی و لائیوسٹاک شعبے کے استحکام کے قومی بنک اور یو آئی سی میں باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے ۔

یونائیٹڈ گروپ کے چئیرمین میاں ایم اے شاہدنے کہاکہ زرعی شعبہ موسمی تغیرات اور دیگر عوامل کی وجہ سے غیر مستحکم رہتا ہے جس کے لئے انشورنس کاتحفظ ضروری تھا۔ انھوں نے کہا کہ قومی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ اکیس فیصد سے کم ہو کر اٹھارہ فیصد رہ گیا ہے مگر اسکے باوجود یہ شعبہ بیالیس فیصد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے جبکہ پچھتر فیصد برآمدات بھی اسی شعبے کی مرہون منت ہیں۔

(جاری ہے)

میاں ایم اے شاہدنے کہا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ افراد زراعت سے براہ راست وابستہ ہیں جبکہ چالیس لاکھ لائیو سٹاک سے وابستہ ہیںاور مارکیٹ میں اتار چڑھائو یا کسی قسم کی کمی بیشی سے اس شعبہ پر دارومدار رکھنے والے افراد متاثر ہوتے ہیں۔ملکی آبادی کا چونسٹھ فیصد دیہات میں رہتا ہے جو کسی نہ کسی طریقہ سے زراعت سے وابستہ ہے جنہیں تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔فرانس کے مقابلہ میں پاکستان میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار 38 فیصد، امریکہ کے مقابلہ میں چاول کی پیداوار29 فیصد اور چین کے مقابلہ میں کپاس کی پیداوار 52 فیصد ہے جس میں اضافہ کی ضرورت ہے۔