خضدار، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب، احتجاج کی کال اور الٹی میٹم کی معیاد واپس

رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا

بدھ 12 دسمبر 2018 23:29

خضدار ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہو گئے، احتجاج کی کال اور الٹی میٹم کی معیاد واپس لے لی گئی۔ رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ۔ بعد ازاں رکن بلوچستان اسمبلی کی رہائش گاہ پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا عنایت اللہ رودینی ، رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری ، بی این پی کے حیدر زمان بلوچ ، عبدالنبی بلوچ ،مسلم لیگ (ن) کے ارباب علی زہری ، پیپلز پارٹی کے رہنماء سجاد زیب،انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل ، سمیع شاہ ،مزدور اتحاد کے صابرحسین قلندرانی عبداللہ ساسولی ،بی ڈی پی کے شیراحمد قمبرانی ،عبدالستار لانگوجماعت اسلامی خضدار کے امیر مولانا امان اللہ ،جے یوآئی نظریاتی کے عبدالغفور کرخی ،سیکریٹری عنایت اللہ ، و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے خضدار میں بد امنی اور منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف گزشتہ منگل تک الٹی میٹم دیا تھا اور آج جمعرات کے روز مظاہرے کا اعلان کیا تھا تاہم رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کے توسط سے ہمارے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ہوئے اور انتظامیہ نے ہمارے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے خضدار شہر میں تمام مسائل کے حل، خصوصاً بد امنی پر قابو پانے اور منشیات کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کا وعدہ کیا۔

ان تمام مطالبات کو تسلیم کرنے پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی نے آئندہ جمعرات یعنی 20دسمبر تک اپنا احتجاج موخر کردیا ہے اور اس دوران ہم تمام معاملات کو دیکھیں گے اور انتظامیہ نے ہمارے ساتھ جووعدے کیئے ہیں ہم ان کا جائزہ لیں گے ۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے کہاکہ ہم رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کے مشکور ہیں کہ وہ ان تمام معاملات کی حساسیت کو دیکھ کر کراچی سے خضدار آئے اور ہمارے معاون بن کر انتظامیہ کے ساتھ مذا کرات کئے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے احتجاج کی کال خضدار کے عوام کے مفادعامہ اور نیت نیتی کی بنیاد پردی تھی ، اب جب انتظامیہ نے ہمارے ساتھ وعدے کئے ہیں کہ وہ خضدار میں قیام امن کے لئے کردار ادا کریںگے اور مطالبات تسلیم کئے جائیں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزی زہری نے کہاکہ خضدار میں بد امنی کے حوالے سے جو مسئلہ پیدا ہوا تھا اس پر ہمارے مذاکرات انتظامیہ کے ساتھ ہوئے اور انتظامیہ نے ان تمام مسائل کا موثر حل نکالنے کے لئے اقدامات کرنے کا وعدہ کیا جس پر سیاسی جماعتوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میںخضدار کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہوں اور آئندہ جو بھی اعلان کیا جائیگا میں بطور خضدار کے نمائندے کے ان کے ساتھ رہونگا ۔