ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر سلیم ابڑوکا سول ہسپتال کوئٹہ کے مختلف شعبوں کا اچانک دورہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 01:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر سلیم ابڑونے گذشتہ رات سول ہسپتال کوئٹہ کے مختلف شعبوں کا اچانک دورہ کیا۔ ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ کے مطابق گزشتہ شب میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ نے عوامی شکایات پرہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا اچانک معائنہ کیا اورہسپتال کے آپریشن تھیٹرمیں غیر حاضر اور فرائض سے غفلت برتنے پر نرسنگ سپریٹنڈنٹ اسٹاف نرسسز اور آر ایم او کے خلاف موقع پر ہی کارروائی کے احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ نے واضح کیا کہ بنیادی فرائض سے غفلت قطعی برداشت نہیں کی جائے گی معطل اسٹاف اندر معیاد تین روز غیر حاضری کی ٹھوس وجوہات کے ساتھ تحریری جواب داخل کریں بصورت دیگر ان کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ شہر کے وسط میں واقع ہے جہاں مریضوں کی آمد و رفت صوبائی دارالحکومت کے کسی بھی دیگر ہسپتال سے کہیں زیادہ ہے ایسے حالات میں سوئپر سے لیکر ذمہ دار افسران تک ہر اہلکار کی ڈیوٹی کی پابندی لازمی ہے کیونکہ فرائض سے کسی بھی طرح کی غفلت قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے محکمہ صحت براہ راست بہت سے ایسے غریب افراد کی ریلیف کا ذریعہ ہے جن کے پاس وسائل نہیں اس کے علاوہ بھی شہر کے صاحب حیثیت افراد سرکاری اسپتالوں میں طبی ماہرین کی خدمات کا حصول چاہتے ہیں کیونکہ بلا شبہ حکومت کے پاس لگ بھگ ہر شعبے کے ایسے طبی ماہرین موجود ہیں جن میں بعض کی خدمات نجی سطح پر میسر نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری اور سیکرٹری صحت بلوچستان حافظ عبدالماجد کی ذاتی توجہ سے سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ میں خاطر خواہ اصلاحات لائی گئی ہیں اور سرکاری سطح پر ہر غریب و امیر کو یکساں طور پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر سلیم ابڑو نے غیر حاضر سٹاف کے معاملے کے حوالے سے ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر نوراللہ اور ڈاکٹر شمائل پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ وہ تین روز کے اندر مذکورہ معاملے کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں۔