چین نے امریکا سے 1.5ملین ٹن سویا بین خریدلی، عالمی منڈی میں سویا بین کے نرخوں میں اضافہ

جمعرات 13 دسمبر 2018 15:17

واشنگٹن/ بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) چین نے امریکا سے 1.5ملین ٹن سویا بین کی خریداری کر کے امریکا چین تجارتی جمود توڑ ڈالاجس کے بعد شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا بین کے نرخ چھے ماہ کی بلند سطح پر آگئے۔ چین کی جانب سے 500 ملین ڈالر سے زائد کے سرمائے سے خریدے گئے سویا بین کی سپلائی جنوری سے مارچ کے دوران کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق چین نے امریکاکے ساتھ تجارتی تعلقات میں سردمہری میں کمی آتے ہی امریکا سے سویا بین کی خریداری شروع کرتے ہوئے امریکا کا 1.5ملین ٹن سویا بین خریدلیا ہے جبکہ مارکیٹ ماہرین کے مطابق چین کو ڈھائی سے تین ملین ٹن امریکی سویا بین درکار ہو گا۔ امریکی اور چینی صدور کی یکم دسمبر کو ملاقات اور تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لئے ایک دوسرے کو تین ماہ کا رعایتی وقت دینے کے بعد چین کی جانب سے عالمی مارکیٹ کے ذریعے امریکا سے یہ پہلی بڑی خریداری ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ سویابین کی اس خریداری کے بدلے چینی آٹو پر عائد اضافی ٹیکس کم یا ختم کرسکتے ہیں۔امریکا میں روان سیزن سویا بین کی ریکارڈ پیداوار ہوئی جبکہ بڑے خریدار چین کے نہ ہونے سے امریکی حکومت کسانوں کا نقصان پورا کرنے کے لئے ان کو مالی ادائیگی کرنے لگی تھی کہ ادائیگیوںکو روک دیا گیا۔دریں اثناء چین نے اپنی تیل کمپنی یونی پیک کو بھی کہا ہے کہ وہ امریکی تیل کی خریداری شروع کریں۔

سویا بین امریکا کی سب سے زیادہ زرآور برآمدی فصل ہے اور چین امریکا کی گزشتہ سال کل پیداوار کا 60 فیصد سے زائد 12.25 بلین ڈالر کے سویا بین کا خریدار رہا تاہم رواں سال چین نے جولائی میں امریکی سوہا بین کی خریداری یکسر روک دی جس پر مارکیٹ میں سویا بین کے نرخ انتہائی سطح پر گر گئے۔ یاد رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی خسارہ 43.1 بلین ڈالر پر آگیا ہے۔