بھٹہ ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

جمعرات 13 دسمبر 2018 16:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر نے سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کیلئے بھٹہ خشت مزدوروں کی رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور موبائل ٹیموں کو تاکید کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے بھٹوں کا سروے کرکے یہ ٹاسک جلد مکمل کریں کیونکہ اس سلسلے میں کوئی عذر قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو ‘ ہیڈ کوارٹرز طارق خاں نیازی‘ قیصر عباس رند ‘ اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور ‘ نازیہ موہل ‘ تنویر مرتضے ‘ ڈائریکٹر لیبر منور اعوان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات شوکت حیات ‘ سوشل سکیورٹی افسران کے علاوہ وائس چیئرمین ضلع کونسل خالد پرویز ورک ’ مزدور رہنما بابا لطیف انصاری ‘ اسلم معراج اور بھٹہ مالکان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ جات پر لیبر کی رجسٹریشن کے عمل میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹہ ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراء کیلئے یہ عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذ ا محکمہ لیبر ‘ سوشل سکیورٹی سمیت دیگر محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں جبکہ بھٹہ مالکان کا تعاون بھی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آجر اور آجیر کے مابین خوشگوار ماحول میں ہی صنعتی ترقی کا راز مضمر ہے لہٰذا معاملات کو باہمی افہام و تفہیم سے ہی حل ہونا چاہئے ۔

ڈپٹی کمشنر نے بھٹہ ورکرز کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کی فلاح و بہبود میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اس سلسلے میں متعلقہ لیبر قوانین پر عملدرآمد کرایا جائے گا ، اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ موبائل ٹیموں نے اب تک 40 بھٹوں کا سروے کرکے 209 ورکرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :