معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دوسری شادی کرنے کا جواز پیش کر دیا

عامر لیاقت حسین نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں حدیث سُنا کر دوسری شادی کی وجہ بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 دسمبر 2018 11:30

معروف ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دوسری شادی کرنے کا جواز پیش ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 دسمبر 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف ٹی وی اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے دوسری شادی کی وجہ بتا دی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ایک حدیث مبارکہ سُنا کر دوسری شادی کرنے کا جواز پیش کیا اور کہا کہ دوسری شادی ہمیشہ راس آتی ہے ۔ ایک مرتبہ رسول اکرم ﷺ کے پاس ایک شخص آیا ، وہ شخص مفلسی کا شکار تھا، اُس شخص نے آ کر رسول اللہ ﷺ سے کہا کہ میں کیا کروں تو حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ تم شادی کر لو،اس نے کہا کہ میں تو شادی شدہ ہوں، حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ تم شادی کر لو، اُس نے پھر کہا کہ میں تو شادی شدہ ہوں، لیکن حضور اکرم ﷺ نے پھر سے فرمایا کہ تم شادی کر لو، بعد میں جب اس نے شادی کر لی اور وہ رسول اکرم ﷺ کی خدمت میں پیش ہوا تو اُس کی مفلسی دور ہو چکی تھی۔

(جاری ہے)

اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ شادی کرتے ہیں تو آپ کے ساتھ کسی اور کا نصیب بھی جُڑ جاتا ہے۔ مبشر لقمان نے سوال کیا کہ آخر طوبیٰ نے عامر لیاقت کا انتخاب ہی کیوں کیا؟ جس پر عامر لیاقت نے جواب دیا کہ عامر لیاقت تھا تو طوبٰی آئی ، طوبیٰ عامر لیاقت کی وجہ سے ہی آئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ، مذہبی اسکالر اور معروف اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے طوبیٰ سید نامی ایک خاتون سے دوسری شادی کی تھی جس کے بعد ان کی شادی کے میڈیا میں خوب چرچے تھے ، حال ہی میں دو سے تین پروگرامز میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی دوسری بیوی طوبیٰ سید کے ہمراہ شرکت کی جس کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئے۔

ایک پروگرام کے دوران میزبان صنم بلوچ اور خود ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بھی اپنی پہلی اہلیہ بشریٰ کے بارے میں گفتگو کی اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی جس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی پہلی اہلیہ پر نام نہاد دینی تعلیم حاصل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ انہوں نے دین پڑھا ہی نہیں ہے ۔ جس پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔