سپریم کورٹ کا پمز میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کو ہر مہینے کی دس تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم

جمعہ 14 دسمبر 2018 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے پمز میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کو ہر مہینے کی دس تاریخ تک وظائف ادا کرنے کا حکم جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ اگر عدالتی حکم کے مطابق ہاؤس جاب ڈاکٹروں کو وظائف نہ دیئے گئے تو کالجز کے سی ای او کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جمعہ کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نے پمز میں ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹرز کو وظائف کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر درخواست گزارکے وکیل نے پیش ہو کر کہا کہ اس وقت کل 370 میڈیکل گریجویٹس پمز میں ہاؤس جاب کر رہے ہیں،لیکن ان کو وظیفہ نہیں دیا جارہا، چیف جسٹس نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے گریجویٹس کو وظائف دینا ان کالجز کی ذمہ داری ہے، اس معاملے کے بارے میں عدالت پی ایم ڈی سی کو سارا قانون بنا کر دے چکی ہے، سماعت کے دوران تو چیف جسٹس نے پمز کے نمائندے ڈاکٹر ندیم سے کہا کہ ایک مہینے میں ہاؤس جاب ڈاکٹروں کو وظائف ادا کیے جائیں اور ہر مہینے کی دس تاریخ تک ان کووظیفہ ادا کیا جائے،ورنہ کالجز کے سی ای او کے خلاف کارروائی ہوگی۔