پاکستان کی بقا اور سلامتی عدل و انصاف کی حکمرانی میں پوشیدہ ہے : ذکر اللہ مجاہد

سقوط ڈاکہ جیسے سانحہ سے بھی ہماری لیڈر شپ نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا

ہفتہ 15 دسمبر 2018 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ ستر سال گذرنے کے باوجود آج بھی پاکستان خطرات سے دوچار ہے۔سقوط ڈاکہ جیسے سانحہ سے بھی ہماری لیڈر شپ نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔پاکستان کی بقا اور سلامتی عدل و انصاف کی حکمرانی میں پوشیدہ ہے، جہاں استحصال ہوگا وہاں بدامنی ، لوٹ مار ،قتل و غارت اور بغاوت جیسے جراثیم کو پلنے سے نہیں روکا جا سکتا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل 16 دسمبر یوم سقوط مشرقی پاکستان کے حوالے سے قومی کانفرنس بعنوان پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا استحکام قومی وحدت اور بھائی چارے کے ذریعے سے ہی ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

متحدہ پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے والے آج بھی پھانسیاں پارہے ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں کی زبانیں گنگ ہیں۔

جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام کل 16دسمبر یوم سقوط مشرقی پاکستان پر پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کے اعنوان سے قومی کانفرنس کا انعقاد کر ر ہی ہے جس میں ملک کے مایہ ناز سکالر ،تاریخ دان، دینی ، سیاسی اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔ پروگرام کی صدار ت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کریں گے۔