سونامی خان کی جب سے حکومت آئی ہے عوام کو مہنگائی ،بے روزگاری کے سونامی کا سامنا ہے ‘عزیز الرحمن چن

پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے پچاس لاکھ لوگوں کا پروگرام بنا رکھا ہے ،ملک میں جرائم کی شرح بڑھنے کا خطرہ ہے

پیر 17 دسمبر 2018 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ سونامی خان کی جب سے حکومت آئی ہے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے سونامی کا سامنا ہے پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے پچاس لاکھ لوگوں کا پروگرام بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے ملک میں جرائم کی شرح بڑھنے کا خطرہ ہے ۔یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام حکومت سے پوچھ رہی ہے کہ پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں اور خوشحالی کے دعوے کہاں گئے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی جب سے حکومت آئی ہے عوام کو ہی قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے اور سارا الزام سابق حکومتوں کو دے کر خود کو بری الذمہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے سو دنوں میں دودھ کی نہریں بہانے والے عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے اور عوام سے مزید وقت مانگ رہے ہیں۔ عوام حکمرانوں کو وقت تو دیں لیکن حکومت نے ابھی تک کوئی ایسی پالیسی نہیں بنائی جس سے لگ رہا ہو کہ حکومت کی کچھ کرنے کی نیت ہے لیکن زمینی حقائق پوری قوم کے سامنے ہیں ابھی تک حکومت کی طرف سے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے ایک بھی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔