ایس ای سی پی کا ملائیشیا کی کپیٹل مارکیٹ کے ریگولیٹری فریم ورک پر سیمینار

پیر 17 دسمبر 2018 18:24

ایس ای سی پی کا ملائیشیا کی کپیٹل مارکیٹ کے ریگولیٹری فریم ورک پر سیمینار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے اپنے ملازمین کو ملائیشیا میں کپیٹل مارکیٹ کے ریگولیٹری فریم ورک کے نظام سے آگہی فراہم کرنے کے لئے سوموار کے روزسمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں سی ایف اے (کپیٹل فنانشل انالسٹ) انسٹی ٹیوٹ (گلوبل) کے بورڈ کے رکن جیفرے انگ نے ملائشیا میں کپیٹل مارکیٹ کے نظام اور ملائیشن سکیورٹیز کمیشن کی جانب سے کپیٹل مارکیٹ کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے بتایا۔

سیمینار میں ایس ای سی پی کپیٹل مارکیٹ ڈویژن، سپشیلائزڈ کمپنیز ڈویژن اور اسلامک فنانس ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے افسران نے شرکت کی۔ سیمینار کا انعقاد ایس ای سی پی کے انویسٹر ایجوکیشن ڈیپاٹمنٹ نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

جیفرے انگ، فورٹریس کپیٹل ایسٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹرہیں اور اس کے علاوہ مالیاتی شعبے میں اہم اداوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور بطور نائب صدر، سی ایف اے سوسائیٹی ملائیشیا کے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

جیفرے انگ نے شرکاء کو بتایا کہ ملائیشیا میں سکوک اور بانڈز کی مارکیٹ میں صرف اور صرف ادارے ہی شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ملیشیا کی حکومت کی جانب سے حال ہی میں جاری کئے گئے ٹیکس چھوٹ کے حامل فکسڈ انکم فنڈز سے بچت کے رحجان اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا میں تنخواہ دار طبقے کی اٹھارہ فیصد تنخواہ حکومت کے قائم کردہ مانیٹری پراویڈنٹ فنڈ میں جاتی ہے جس کی کل مالیت دو سو پچاس ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپیٹل مارکیٹ میں وسعت اور گہرائی پیدا کرنے کے لئے ملائیشن سکیورٹیز ریگولیٹر نئے نئے آئیڈیاز اور اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن ٹیک کمپنیوں کو مختلف رعایتیں دینی چاہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ کمپنیاں ٹیکالوجی کے استعمال کی طرف راغب ہوں اور سرمایہ کاروں کے لئے آسانی پیدا ہو۔ ایس ای سی پی کے انویسٹر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ خالدہ حبیب نے سی ایف اے کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس ای سی پی اور سی ایف اے کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ باہمی تعاون سے ایس ای سی پی کے ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں میں مزید اضافہ کیا جائے اور سرمایہ کاروں میں آگہی پیدا کرنے کی کوشیشوں میں اضافہ کیا جائے۔

سیمینار کے اختتام پر ایس ای سی پی کے کمشنر، انوسٹر ایجوکیشن، شوکت حسین نے سی ایف اے وفد کا شکریہ ادا کیا اور جیفرے انگ کو ایس ای سی پی کی یادگار شیلڈ پیش کی۔