سندھ ہائی کورٹ کا سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں گائنا کالوجسٹ کی کمی پر تشویش کا اظہار

منگل 18 دسمبر 2018 21:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں گائنا کالوجسٹ کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ خواتین مررہی ہیں اور حکومت نے تماشہ لگایا ہوا ہے ۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں سرکاری اسپتالوں میں گائناکالوجسٹ کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائی گئی ،جس پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سندھ کے بیشتر چھوٹے علاقوں میں گائنا کالوجسٹ ہے ہی نہیں ،50بستروں میں والے اسپتالوں میں بھی گائنی کی ڈاکٹرز نہیں ہیں۔

عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت کو 15 جنوری کو طلب کرلیا۔دوران سماعت محکمہ صحت کے افسر نے کہاکہ 400 ڈاکٹروں نے کمیشن کا امتحان پاس کیا صرف175 ڈاکٹروں نے جوائننگ دی۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہاکہ آپ مس گائیڈ نہ کریں ورنہ ہم سیشن ججوں سے بھی سروے کروا سکتے ہیں،جو ڈاکٹرز ڈگری لیتے وقت غریبوں کی خدمت کا حلف لیتے ہیں وہ چھوٹے علاقوں میں کام کیوں نہیں کرتے تقرری کے باوجود چھوٹے علاقوں میں جوائننگ نہ دینے والے ڈاکٹرز کو برطرف کردیں ،عمر کوٹ، کوٹری، ٹھٹھہ، ہالا، میر پور خاص جیسے علاقوں میں ایک بھی گائنا کالوجسٹ نہیں ،پچاس سے زائد ایسے چھوٹے اسپتال ہیں جہاں ایک بھی گائنا کالوجسٹ نہیں ،شاہ فیصل، اورنگی، لیاقت آباد جیسے کراچی کے علاقوں میں بھی یہی حال ہے ۔

متعلقہ عنوان :